Keeker Or Kasni - Karamati Ajza - Article No. 1767

Keeker Or Kasni - Karamati Ajza

کیکر اور کاسنی․․․کراماتی اجزاء - تحریر نمبر 1767

یہ جگر اور نسوانی امراض میں اکسیر ہیں

ہفتہ 28 دسمبر 2019

قدرت نے اپنی دھرتی پر کوئی بھی چیز بے کار نہیں پیدا کی۔جڑی بوٹیوں سے لے کر سبزیوں پھلوں حتیٰ کہ جانوروں تک کے گوشت اور دودھ میں انسانوں کے لئے صحت کا ملہ کے راز مضمر ہیں جنہیں ماہرین طب،حکماء اور ماہرین غذائیت نے کھوج لگا کر واضح کیا ہے۔ذیل میں کاسنی کی بوٹی کے فوائد درج کئے جارہے ہیں۔ہیپا ٹائٹس کی بیماری میں انسانی جگر متاثر ہوتاہے۔
اس بیماری کا اہم سبب ایک خاموش قاتل جراثیم ہے جو کہ انسان کے جگر میں پرورش پاتاہے اور جگر کو تباہ کرکے مریض کو موت کے کنارے لے آتاہے۔یہ موذی مرض ایک انسان سے دوسرے میں منتقل ہوتاہے جب انسانی جسم پر اس وائرس کا حملہ ہوتاہے تو دو سے دس ہفتوں کے بعد اس بیماری کی علامات ظاہرہونی شروع ہوتی ہیں تب تک جراثیم جگرکے اندر ناقابل تلافی توڑپھوڑ کا عمل شروع کر چکا ہوتاہے اور دھیرے دھیرے جگر کو نقصان پہنچاتاہے۔

(جاری ہے)

اسی جرثومے کی وجہ سے جگر کے کینسر کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔اگر بروقت صحیح تشخیص نہ ہو پائے تو انسان زندگی ہار سکتاہے لہٰذا جب کبھی جگر کی تکلیف ہو اسے عام یرقان نہیں سمجھنا چاہئے۔
کاسنی کیا ہے؟
کاسنی ایک بوٹی ہے جو پالک کے چوڑے پتوں کی مانند ہے اور اس کے پھول نیلے رنگ کے ہوتے ہیں۔اس بوٹی کے تخم سفید خاکستری چھوٹے چھوٹے اور اس قدر کڑوے ہوتے ہیں کہ ان کو مویشی بھی کھانا پسند نہیں کرتے لیکن قدرت نے اس بوٹی میں ایک خاص صفت رکھی ہے اور ایسے کراماتی اجزاء پیدا کردئیے ہیں جو کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لئے جادوئی انداز میں کام کرتے ہیں۔
کاسنی ایک بابرکت بوٹی ہے جس نے کاسنی کھالی اس پر جادو اور زہر اثر نہیں کرتا۔کہتے ہیں کہ جنت کے پانی کے قطرے اس کے پودے پر گرتے ہیں۔قدیم طرز فکر کے حامل حکیموں نے جنت کے پانی والی بات کو اتنی اہمیت دی کہ کاسنی کے پتے جب بھی کسی دوائی میں استعمال کئے جائیں تو انہیں دھویا نہیں جاتا۔جدید تحقیق سے بھی پتہ چلا ہے کہ جب ان پتوں کو دھولیا جائے تو یہ بوٹی اثر نہیں کرتی۔
کاسنی ہیپا ٹائٹس کا شافی علاج ہے اور چند دن کھانے کے بعد افاقہ ہوتاہے تاہم خود علاجی سے پرہیز کیا جانا چاہئے۔آپ کے شہروں میں تجربے کار اور نامی گرامی حکماء اور طب نبوی کے اطباء موجود ہیں آپ ہر مرض کا علاج باہمی گفت وشنید کے بعد مکمل طور پر معتبر حکماء سے کروائیے۔
کیکر بڑا اکسیر
کیکر ایسا درخت ہے جو کم وبیش پاکستان کے ہر علاقے میں پایا جاتاہے۔
کیکر میں بھی اللہ تعالیٰ نے وہ شفائی اجزاء رکھ دئیے ہیں جو انسانی جسم کے لئے ٹانک سے کم نہیں۔یہ مختلف امراض میں مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتاہے یعنی جڑ سے لے کر پھلیاں ،تنا اور پھول پتے تمام کے تمام اکسیر ہیں۔کیکر کی ٹہنی کو مسواک کے طور پر استعمال کیا جاتاہے جس سے دانتوں کے امراض سے نجات ملتی ہے۔
خواتین کے ایک خاص مرض لیکوریا میں کیکر سے بنی ادویات بے حد کار آمد ثابت ہوتی ہیں۔تاہم معالج کے مشورے کے بغیر کوئی بھی جڑی بوٹی خام شکل میں استعمال نہیں کی جانی چاہئے۔آپ اپنے شہر کے کسی اچھے حکیم یا طبیب سے رجوع کرکے ادویات لے سکتی ہیں۔

Browse More Healthart