Sakht Garmi Se Kaise Bachain - Article No. 2198

Sakht Garmi Se Kaise Bachain

سخت گرمی سے کیسے بچیں - تحریر نمبر 2198

گرمی کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے

ہفتہ 10 جولائی 2021

منہال کاظمی
موسم گرما کی آمد کے ساتھ ہی گرمی کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور اس بدلتے موسم کا اثر ہماری صحت پر بھی پڑتا ہے اور صحت کے متعلق بہت سی پریشانیاں پیدا ہونا شروع ہو جاتی ہیں،اگر آپ بدلتے موسم کے ساتھ گرمیوں میں جسم کو تندرست رکھنا چاہتے ہیں تو گرمی کی بیماریوں کے تدارک کرنے کے طریقوں کا ذکر کیا جا رہا ہے تاکہ آپ موسم کی شدت سے اپنے جسم کو محفوظ رکھ سکیں اور صحت مند رہ سکیں۔

سب سے پہلے پانی:
موسم گرما میں قدرت نے ہمارے جسم کو قدرتی طور پر ٹھنڈا رکھنے کے لئے ہمارے جسم میں پسینے کا نظام بنایا ہے اور زیادہ گرمی میں زیادہ پسینہ آنے سے جسم میں پانی کی کمی پیدا ہوتی ہے خاص طور پر اُن لوگوں میں جو جسمانی مشقت کے کام کرتے ہیں اور ورزش وغیرہ کرتے ہیں یہ کمی جلدی پیدا ہو سکتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ جسم میں پانی کی کمی کو پورا کیا جائے۔

(جاری ہے)

جب جسم میں پانی کی کمی پیدا ہوتی ہے تو بار بار پیاس لگتی ہے،معمول سے بہت کم پیشاب آتا ہے اور پیشاب کی رنگت گہری ہو جاتی ہے،جسم بہت تھکاوٹ کا شکار ہونا شروع ہو جاتا ہے،سر میں درد اور چکر آسکتے ہیں اور ایسی صورت میں زیادہ سے زیادہ پانی پینا بہت ضروری ہو جاتا ہے خاص طور پر نمک کی کمی کو پورا کرنے کے لئے لیموں کی سکنجبین کا استعمال زیادہ کریں اور اس میں نمک ڈال کر پینا شروع کر دیں،نارنجی کا جوس بھی جسم کو ڈی ہائیڈریٹ ہونے سے بچاتا ہے اس کے ساتھ چائے اور کافی کا استعمال کم کریں اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں کیونکہ گہرا رنگ سورج کی دھوپ کو اپنے اندر جلدی جذب کرتا ہے اور ایسا کپڑا جلدی گرم ہو جاتا ہے اور دھوپ میں نکلنے سے پہلے اپنے سر کو سفید یا ہلکے رنگ کے کپڑے سے ضرور ڈھانپ لیں۔

گرمی کے موسم میں معدے میں تیزابیت پیدا ہونی شروع ہو جاتی ہے جس سے کھٹی ڈکاریں،پیٹ کا بھاری پن،معدے میں جلن،پیٹ درد اور متلی جیسی شکایات بڑھ جاتی ہیں اور ایسی صورت میں دھنیے کو پانی میں بھگو دیں اور 2 گھنٹے بعد اس کا پانی استعمال کریں اور اسی طرح پودینے کو پانی میں بھگو کر پانی استعمال کرنا شروع کر دیں،املی اور آلو بخارے کو پانی میں رات بھر بھیگا رہنے دیں اور صبح اس کا پانی پی لیں اور املی اور آلو بخارے کی گٹھلیاں نکال کر اسے بھی ساتھ کھا لیں یہ آپ کے نظام انہضام کو خراب نہیں ہونے دے گا۔
خشک ادرک یا ادرک کا پاؤڈر اور اس میں تھوڑا کالا نمک شامل کرکے وقفے وقفے سے اس چورن کا استعمال کرنا بھی تیزابیت کے خاتمے کا باعث بنتا ہے،معدے میں تیزابیت کی صورت میں سیدھا مت لیٹیں بلکہ چارپائی وغیرہ کے سر والی سائیڈ پر چارپائی کے پاؤں کے نیچے اینٹ وغیرہ رکھ کر اسے سرہانے سے اونچا کر لیں اور تیزابیت کی صورت میں چائے اور کافی سے پرہیز کریں اور کچی لسی وغیرہ کا استعمال زیادہ کر دیں۔

شدید گرمی سے اگر چکر آرہے ہیں تو ایسی صورت میں آملے کا شربت آپ کو فوری آرام پہنچائے گا اور ساتھ ہی تلسی کے پتوں میں چینی مکس کرکے پیسٹ بنا لیں اور اسے پانی میں حل کرکے تھوڑی تھوڑی دیر بعد استعمال کریں یہ جسم سے گرمی کی شدت کو کم کرے گا۔
موسم گرما میں سلاد والی سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں خاص طور پر کھیرا کھانا شروع کر دیں کھیرے میں پانی کی ایک بڑی مقدار شامل ہوتی ہے جو جسم کو ڈی ہائیڈریٹ ہونے سے بچاتی ہے اسی طرح اگر گرمی زیادہ لگ رہی ہو تو سینے پر پیاز کے رس سے مالش کریں۔

گرمی میں گرمی دانے بھی جسم میں تلخی پیدا کرتے ہیں ان سے بچنے کے لئے کالے زیرے کا پاؤڈر ناریل کے دودھ میں مکس کرکے جسم پر مالش کرنا انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے اور ساتھ ہی دھنیے کے پانی میں چینی شامل کرکے پینا بھی جسم کی تلخی کو کم کرنے کا باعث بنتا ہے۔
فوڈ پوائزننگ بھی گرمی کے موسم سے جڑی ہے اور خاص طور پر برسات کے موسم میں تو پنجاب کے ہسپتالوں میں اس بیماری سے نمٹنے کے لئے ایمرجنسی نافذ کر دی جاتی ہے اس بیماری سے بچنے کے لئے بازاری کھانا کھانا چھوڑ دیں اور کھانا کھانے سے پہلے، واش روم سے نکلنے کے بعد،پالتو جانوروں کو چھونے کے بعد اپنے ہاتھوں کو اینٹی بیکٹیریل صابن سے دھوئیں،اور موسمی پھل اور سبزیوں کا استعمال بھی اچھی طرح دھو کر کریں تاکہ ان کے اوپر کوئی جراثیم وغیرہ نہ رہ جائے اور اپنی خوراک میں ایسے کھانوں کو شامل کریں جن میں فائبر کی مقدار زیادہ ہو جیسے پھل فروٹس اور سبزیاں۔

لیموں جس کا نام سن کر ہی منہ میں پانی بھر آتا ہے انسانی صحت کے لئے ایک انتہائی مفید فروٹ ہے،خاص طور پر موسم گرما میں جب لوگوں کی قوت مدافعت کمزور ہو اس وقت لیموں میں موجود وٹامن سی ہمارے امیون سسٹم کو طاقتور بناتا ہے اور گرمیوں کی بیماریوں سے بچاتا ہے۔
لیموں منرلز اور وٹامنز سے بھرپور ہوتا ہے جو جسم کے امیون سسٹم کو طاقتور بناتا ہے اور انسان کو بیمار نہیں ہونے دیتا۔
گرمیوں میں لیموں کی سکنجبین بہت فائدہ مند ہوتی ہے جو جسم کی گرمی کو دور کرتی ہے۔اس کے اندر فائبر کی ایک بڑی مقدار بھوک کو مٹاتی ہے اور لیموں میں سیب اور انگور سے بھی زیادہ پوٹاشیم ہوتی ہے۔لیموں دل،دماغ اور جگر کے لئے صدیوں سے انتہائی مفید سمجھا جاتا ہے اور لیموں پر ہونے والی جدید میڈیکل سائنس کی ریسرچز بھی لیموں کی اس قابلیت کو تسلیم کرتی ہیں۔
لیموں کا جوس اینٹی بیکٹیریا اور اینٹی وائرل خوبیوں کے ساتھ موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے اس کے ساتھ ساتھ یہ معدے سے تیزابیت کا خاتمہ کرکے نظام ہضم کو بہتر بناتا ہے خاص طور پر موسم برسات میں جب ہوا میں نمی کی مقدار بڑھی ہوتی ہے اور کھانے پینے کی اشیاء پلک جھپکتے خراب ہو سکتی ہیں۔لیموں پانی معدے میں تباہی مچانے والے جراثیموں کو بے قابو نہیں ہونے دیتا۔لیموں کے اندر موجود وٹامن سی جہاں اور بہت سی بیماریوں میں شفا ہے وہاں یہ جلد کو صاف کرتا ہے۔

Browse More Healthart