Sar Dard Ka Ilaj - Article No. 2504

Sar Dard Ka Ilaj

سر درد کا علاج - تحریر نمبر 2504

اب غذاؤں کے ذریعے کریں

پیر 1 اگست 2022

ڈاکٹر جمیلہ آصف
سر درد․․․ایک ایسی طبی پریشانی،جس کا تعلق عمر سے ہے نہ صنف سے،لیکن عصر حاضر میں اس عارضہ میں مبتلا افراد کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق سر درد اعصابی نظام کی سب سے عام بیماری ہے،جس نے کل آبادی کے 50 فیصد مرد و خواتین کو متاثر کیا۔اس حوالے سے اب تک کی مستند ترین تحقیقات میں سے ایک نارویجن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی،ناروے نے کی ہے۔
اس جامعہ کی خصوصی ٹیم نے 1961ء سے 2020ء تک 357 تحقیقاتی اشاعت کا مطالعہ کیا اور پھر اپنی تحقیق کی روشنی میں یہ نتائج دیئے کہ دنیا کی کل آبادی کے 52 فیصد لوگ ہر سال سر درد کے مسئلہ سے دوچار ہوتے ہیں اور 15.8 فیصد لوگ روزانہ کی بنیاد پر سر درد کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں،جن میں نصف تعداد درد شقیقہ کی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپریشن،بلڈ پریشر اور کسی بھی قسم کا جسمانی خلل سر درد کی عمومی وجوہات ہیں۔

زیادہ تر معاملات میں سر درد بے ضرر ہوتا ہے لیکن مستقل رہنے سے بعض اوقات یہ فالج اور خون کی کمی جیسی خطرناک بیماریوں کا بھی موجب بن سکتا ہے۔سر درد کے علاج کے لئے آج مارکیٹ میں سینکڑوں ہزاروں ناموں سے ادویات موجود ہیں،جن پر لوگ سالانہ اربوں روپے خرچ کر دیتے ہیں۔ان ادویات کے استعمال سے ہو سکتا ہے عارضی طور پر آپ کو آرام تو محسوس ہو لیکن کیا آپ کو معلوم ہے ان ادویات کے متعدد سائیڈ افیکٹس یعنی مضر اثرات ہیں،جن سے آپ دیگر طبی مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں۔
لہٰذا یہاں ہم آپ کو ایسی غذاؤں کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں،جن کے استعمال سے آپ کو بغیر کسی سائیڈ افیکٹ کے سر درد سے نجات حاصل ہو سکتی ہے۔
تربوز
غذاؤں کے ذریعے سر درد کے علاج میں تربوز کو پہلا نمبر حاصل ہے کیونکہ یہ نہ صرف پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے بلکہ اس میں 90 فیصد پانی ہوتا ہے اور جسم میں پانی کی کمی سر درد کی سب سے عام وجہ بیان کی جاتی ہے۔
لہٰذا سر درد کے علاج میں تربوز کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے۔تاہم ضروری امر یہ ہے کہ ہمیشہ تازہ تربوز حاصل کرنے کی کوشش کریں کیونکہ تربوز جتنا تازہ ہو گا،اس میں پانی کی مقدار اتنی ہی زیادہ ہو گی۔
آلو
افادیت کے اعتبار سے آلو کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا اور سر درد میں تو یہ مزید موٴثر ہو جاتا ہے،خصوصاً ایسے افراد کے لئے تو یہ بہت ہی فائدہ مند چیز ہے،جو ممنوعہ مشروبات کے عادی ہیں کیونکہ ان مشروبات کے استعمال سے جسم میں پانی اور پوٹاشیم کی کمی واقع ہو جاتی ہے۔
جسم میں پانی اور پوٹاشیم کی کمی سر درد کی ایک اہم وجہ ہے اور آلو کو یہ خصوصیت حاصل ہے کہ یہ پانی اور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے،لہٰذا جب بھی آپ پانی یا پوٹاشیم کی کمی کے باعث سر درد کا شکار ہوں تو فوری طور پر اُبلے ہوئے آلو کا استعمال کریں،جو آپ کو صحت یابی کی طرف گامزن کر دے گا۔
بادام
بادام ایسے وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے،جو آپ کی صحت کے لئے نہایت مفید تصور کئے جاتے ہیں اور یہی اجزاء آپ کو سر درد کی پریشانی سے بھی بچاتے ہیں۔
بادام میگنیشیم سے بھرا ہوتا ہے،جو اعصاب اور پٹھوں کے تناؤ کو کم اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں نہایت مددگار ثابت ہوا ہے،ہائی بلڈ پریشر سر درد اور درد شقیقہ کا باعث بن سکتا ہے،لہٰذا اپنی خوراک میں میگنیشیم سے بھرپور غذائیں جیسے بادام وغیرہ کے استعمال کو بڑھائیں تاکہ آپ سر درد اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔میگنیشیم کے ساتھ بادام میں سلیسن نامی مرکب بھی پایا جاتا ہے،جو جسم میں اسپرین کے طور پر کام کرتا ہے،ماہرین کے مطابق ڈاکٹر کے مشورے سے روزانہ 10 سے 15 بادام آپ کو سر درد سمیت چند دیگر پریشانیوں سے بچا سکتے ہیں۔

مچھلی
مچھلی ایک اور ایسی غذا ہے،جس کا وقفے وقفے سے استعمال آپ کو سر درد کی شکایت سے نجات دلا سکتا ہے۔مچھلی خصوصاً سرمئی رنگ کی مچھلی (میکریل) اور سالمن اومیگا تھری فیٹس،اینٹی سوزش اور اعصابی نظام کی حفاظت کرنے والے اجزاء سے بھرپور ہوتی ہے۔سرمئی رنگ کی مچھلی کا استعمال ایسے لوگوں کے لئے نہایت مفید ہے،جو درد شقیقہ کا شکار ہیں۔
اسی طرح سالمن میں اومیگا تھری سمیت چند ایسے اجزاء شامل ہوتے ہیں،جو دماغ کے کام کرنے کی صلاحیت کو بڑھاوا دیتے ہیں۔لہٰذا اگر آپ کو مچھلی پسند نہیں بھی ہے تو پھر بھی کسی دوسرے غذا جیسے انڈے وغیرہ کے ساتھ ملا کر ہفتے میں ایک بار اسے ضرور کھائیں۔
کیلا
اگر آپ سر درد سے نجات یا اس درد کو مزید بڑھنے سے روکنا چاہتے ہیں تو فوری طور پر کیلے کی طرف رجحان کریں کیونکہ کیلا پوٹاشیم اور میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے۔
جسم میں پوٹاشیم کی کم مقدار ہائی بلڈ پریشر اور بلڈ شوگر کا سبب بن سکتی ہے،جس سے پھر سر میں شدید درد بھی رہتا ہے۔کیلے میں 74 فیصد پانی ہوتا ہے،لہٰذا کیلا کھانے سے تمام مذکورہ کمیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔
سیب کا سرکہ
سیب کے سرکے کے فوائد کے بارے میں دنیا آج سے نہیں بلکہ زمانہ قدیم سے روشناس ہے،لوگ اسے پیتے ہیں،چہرے کے ماسک یا شیمپو وغیرہ میں بھی شامل کرتے ہیں،تاہم حالیہ تحقیقات نے سیب کے سرکے کے ایک اور فائدہ سے پردہ اُٹھایا ہے اور وہ ہے بالواسطہ سر درد کا علاج،اس میں پوٹاشیم زیادہ مقدار میں ہوتا ہے جو سر درد سے لڑنے والے مرکبات کے لئے ضروری ہے،یہ بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں بھی معاون ہے۔
طبی ماہرین کہتے ہیں کہ ایک کپ کا چوتھائی حصہ سرکہ دو کپ گرم پانی میں ڈال کر اس کی بھاپ لینے سے سر کا درد جاتا رہتا ہے۔
پودینے کا تیل
سر درد کی علامات سے لڑنے کے لئے پودینے کے تیل کا استعمال تیزی سے مقبول ہو رہا ہے،خصوصاً ایسی حالت میں تو یہ تیل مزید موٴثر بن جاتا ہے جب سر درد تناؤ کی شکل اختیار کر لے تو ایسی صورت میں پودینے کا تیل پیشانی اور کنپٹی پر لگانے سے 15 منٹ کے اندر درد ختم یا کافی حد تک کم ہو جاتا ہے۔تاہم یہ یاد رکھیں کہ پودینے کے تیل کی تاثیر بہت تیز ہوتی ہے لہٰذا اسے ہمیشہ احتیاط سے استعمال کریں،کیونکہ بلا ضرورت تیل کو جلد پر لگانے سے یہ جل بھی سکتی ہے۔

Browse More Healthart