Seene Ki Jalan Aur Tezabiat Ki Ziadti Ho To - Article No. 2724

Seene Ki Jalan Aur Tezabiat Ki Ziadti Ho To

سینے کی جلن اور تیزابیت کی زیادتی ہو تو - تحریر نمبر 2724

5 غذائیں بوجھل پن سے دیں نجات

ہفتہ 10 جون 2023

انسانی جسم میں PH Value کی ایک متوازن سطح کا برقرار رہنا نہایت ضروری ہے۔بصورت دیگر مقررہ سطح سے زائد PH Value کا ہونا جسم میں تیزابیت کی زیادتی کی طرف اشارہ کرتی ہے۔آج کل ہر دوسرا شخص اس مسئلے سے دوچار ہے۔بظاہر یہ عام سا نظر آنے والا مسئلہ سینے میں جلن،السر اور Gastric Inflammation جیسی بیماریوں کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ذیل میں پانچ ایسی غذاؤں کی تفصیلات درج کی جا رہی ہے جو تیزابیت سے محفوظ رہنے میں مدد دیتی ہیں۔

کیلا
کیلا ایک غذائیت سے بھرپور پھل ہے جو سارا سال اور ہر موسم میں دستیاب ہوتا ہے۔اس میں میگنیز،کاربوہائیڈریٹس،وٹامن C اور B6 کے علاوہ میگنیشیم اور پوٹاشیم کی خاصی مقدار پائی جاتی ہے۔ایسے افراد جنہیں اکثر تیزابیت کی شکایت رہتی ہے ان کے لئے کیلا ایک بہترین انتخاب ہے۔

(جاری ہے)

یہ غذا کی نالی کے اطراف میں ایک حفاظتی تہہ بناتا ہے جس کے باعث سینے میں جلن اور تیزابیت کی شکایت میں آرام آتا ہے ساتھ ہی یہ ہاضمے کے لئے بھی نہایت مفید ہے۔

جرمنی میں ہونے والی ایک تحقیق سے اخذ ہوا کہ یہ پھل بے چینی،پریشانی اور بے سکونی کو کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے اور پٹھوں کے درد میں بڑا مفید پھل ہے۔
ہری سبزیاں اسپارگس،بند گوبھی سلاد اور (Celery)
ہری سبزیاں مثلاً اسپارگس،بند گوبھی اور سلاد (Celery) کا استعمال معدے کے مسائل سے دوچار افراد کے لئے نہایت مفید ہے۔کیونکہ یہ سبزیاں ہضم کرنے میں آسان اور PH Value متوازن رکھنے میں مثالی سمجھی جاتی ہیں۔
تاہم ان سبزیوں کے ساتھ چکنائی سے بھرپور ڈریسنگ کا استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔کوشش کریں اور اس کے بدلے انہیں کاٹ کر ہلکی سی بھاپ دیں اور اس میں لیموں کا رس اور ذرا سا اولیو آئل شامل کریں۔آپ چاہیں تو تھوڑے فلیور کے اضافے کے طور پر صحت بخش جڑی بوٹیاں جیسے تلسی اور Oregano کا استعمال کر سکتی ہیں یا پودینے کے پتے شامل کر لیں البتہ کالی مرچ اور لال مرچ کے استعمال سے گریز کریں یہ تیزابیت پیدا کر سکتی ہیں۔

سونف
تیزابیت کے علاج میں سونف کو انتہائی موٴثر سمجھا جاتا ہے۔آپ اسے دن میں کسی بھی وقت کھا سکتے ہیں اور اگر چاہیں تو اپنے سلاد کا حصہ بھی بنا سکتے ہیں۔یہ آپ کے جسم میں PH Value کو متوازن سطح پر برقرار رکھتا ہے۔اُبلتے ہوئے پانی میں ایک مٹھی سونف اور حسب ذائقہ شہد شامل کر کے سونف کا شربت تیار کیجئے اور اس کا باقاعدگی سے استعمال کیجئے۔
یہ تیزابیت سے نجات دلانے میں کارگر ثابت ہو گا۔سونف ہاضمے کے دیگر مسائل کا بھی بہترین حل ہے۔
ادرک
تیزابیت کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ادرک کا استعمال صدیوں سے چلا آ رہا ہے۔اس میں سوزش سے مقابلہ کرنے کی تمام تر خصوصیات پائی جاتی ہیں جو تیزابیت کے باعث معدے میں ہونے والی جلن اور بے چینی سے نجات دلاتی ہے۔ادرک کا استعمال ثابت (یعنی بنا کسی چیز میں شامل کئے) یا قہوہ بنا کر بھی کیا جا سکتا ہے۔
ادرک کی چائے نہ صرف ذائقے میں بہترین ہے بلکہ انتہائی صحت بخش بھی ہے۔
جئی کا دلیہ
جئی کا دلیہ جسم میں تیزابیت پیدا کرنے والے اجزاء کو جذب کرتا ہے۔یہ معدے کے اطراف میں ایک حفاظتی تہہ کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔تاہم چکنائی سے بھرپور ڈیری مصنوعات جیسے کہ فل کریم دودھ تیزابی خصوصیات رکھتا ہے۔اس کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔بہتر ہے کہ کم چکنائی والے دودھ یا پانی کے ساتھ چٹکی بھر دار چینی کا استعمال کیا جائے یہ انتہائی موٴثر ثابت ہو گا۔

Browse More Healthart