Shehed Se Umar Main Izafa Kijye - Article No. 1798

Shehed Se Umar Main Izafa Kijye

شہد سے عمر میں اضافہ کیجیے - تحریر نمبر 1798

اور امراض سے دوررہیں!

ہفتہ 1 فروری 2020

شہد مفید غذا اور دوا ہے۔شہد کو زمانہ قدیم ہی سے بطور دوا وغذا استعمال کیا جا تاہے۔چقندر کی شکر بنانے سے قبل شہد ہی مٹھاس کے لئے استعمال کیا جاتا تھا۔شہد ایک موٴثر قسم کا جراثیم کش بھی ہے۔شہد ہر موسم اور ہر عمر میں مفید غذاہے۔شہد کی ایک خوبی اس کا سریع الاثر ہونا ہے۔شہد معدہ میں جاکر جلد ہی جزوبدن بن جاتاہے ۔جس سے فوراً توانائی کا احساس ہوتاہے اس سے حاصل شدہ توانائی دیرپا رہتی ہے۔
دیکھا گیا ہے کہ جن علاقوں میں شہد کا استعمال کیا جاتاہے وہاں کے لوگ طویل العمر ہوتے ہیں اس سلسلے میں وسطی ایشیاء کی ریاست آذر بائیجان کا نام لیا جاسکتاہے۔
شہد کئی امراض میں موٴثر ومفید ہے۔ڈاکٹر جی این ڈبلیو تھامس ایڈ نبراسکاٹ لینڈ کا کہنا ہے کہ خرابی ہضم کے کئی مریضوں میں اختلاج قلب کا بھی عارضہ تھا۔

(جاری ہے)

میں نے شہد کا تجربہ کیا اور اسے دل کی بے ترتیب حرکت کو درست کرنے اور مریض کو قوت دینے والی عجیب مقوی چیز پایا۔

اسی طرح ڈاکٹر آرنلڈ جو معروف عالمی ماہر غذائیت ہیں نے شہد کے فوائد اور مختلف مواقع پر اس کے استعمال کے طریقے بتائے ہیں۔یو نانی محکمہ حفظان صحت کے افسر اعلیٰ ڈاکٹر جے ایچ کیو ج نے اپنی کتاب جدید غذائیہ میں لکھا ہے:
کسی طویل بیماری میں مثلاً نمونیہ وغیرہ میں مریض کا ہاضمہ کمزور ہو جاتاہے،ایسی صورت میں جب مریض کا دل بھی کمزور ہوتو شہد عمدہ غذا ودوا بتایا جاتاہے۔
ہاپکنیز یونیورسٹی کے پروفیسر ای وی میکا کہتے ہیں کہ شہد بہترین حفاظتی ومدافعتی غذا ہے۔امریکن ڈاکٹر کلینٹس جار دس کا کہنا ہے کہ اگر جسم کے اندر معدنی اجزاء کم ہوں تو اسے پورا کرنے کا مفید ذریعہ یہ ہے کہ دو چمچ سیب کے سرکہ میں اتنا ہی شہد ملا لیا جائے۔یہ ترش مرکب گھٹیا مرض سے لے کر دمہ تک اور بچپن سے بڑھاپے،نیز جلد کے امراض تک کے کئی امراض میں شفاء بخش ہے۔

روسی عوام آگ سے جلے ہوئے کا علاج شہد سے تیار کردہ ایک مرہم سے کرتے ہیں۔یہ مرہم آسانی سے ہر گھرمیں بنایا جاسکتاہے اس طرح کہ شہد اور مچھلی کا تیل مساوی وزن لے کر اچھی طرح حل کرکے متاثرہ حصہ پر لگایا جائے۔روس میں یہ مرہم اب تجارتی بنیادوں پر تیار اور فروخت ہوتاہے۔شہد کے چند مزید فوائد درج ذیل ہیں۔
شفاف جلد
شہد ایک مفید اینٹی آکسائیڈنٹ ہے۔
اسے پینا معمول بنا لینا جسم سے بیشتر زہریلے مواد کے اخراج میں مد د دیتاہے۔اس کی جراثیم کش خصوصیات جلد کو شفاف اور بہتر بنانے میں مدد دیتی ہیں۔
جسمانی وزن میں کمی
اگر وزن میں اضافے سے پریشانی ہو تو طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ چینی سے بنے میٹھے پکوانوں کو غذا سے نکال دیا جائے ،اس کی جگہ شہد کو شامل کیا جائے۔
کولیسٹرول لیول میں کمی
شہد میں کولیسٹرول نہیں ہوتا،بلکہ یہ ایسے اجزاء اور وٹامنز سے بھر پور ہے جو صحت کے لئے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لاتے ہیں ۔
روزانہ شہد کھانا ایسے اینٹی آکسائیڈنٹس اجزاء کی سطح پر بر قرار رکھنے میں مفید ہے جو اضافی کولیسٹرول سے لڑتے ہیں۔
صحت مند دل
طبی تحقیق سے یہ چیز سامنے آئی ہے کہ شہد میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس شریانوں کو سکڑنے سے محفوظ رکھتے ہیں،شریانوں کا سکڑنا حرکت قلب روکنے،یاد داشت خراب ہونے یا سر درد کا باعث بنتاہے۔
روزانہ ایک گلاس پانی کے ساتھ دو سے تین چمچ شہد کا استعمال موٴثر ہے۔
بہتر یاد داشت
طبی تحقیقی رپورٹس میں شہد کو ذہنی تناؤ میں مفید بتایا گیا ہے جو ایسے دفاعی نظام کو بحال کرتی ہے جو یاد داشت کو بہتر بنانے میں مفید ہے۔شہد میں موجود کیلشیم دماغ میں آسانی سے جذب ہو جاتاہے اور دماغی افعال پر فائدہ مند اثرات مرتب کرتاہے۔

معدے کے لئے فائدہ مند
جراثیم کش ہونے کی وجہ سے خالی پیٹ ایک چمچ شہد کو کھانا متعدد ایسے امراض سے تحفظ دیتاہے جو نظام ہضم سے جڑے ہوتے ہیں۔معدے تک جاتے ہوئے شہد جراثیموں کو ختم کرکے جسم کے اندر چھوٹے زخموں کو بھی بھر دیتاہے۔
گلے کی تکلیف میں راحت
کھانسی کو روکنے کے ساتھ ساتھ شہد ایک ایسے جراثیم کش محلول کا کام بھی کرتاہے جو گلے کی تکلیف میں فائدہ پہنچا سکتاہے۔
آدھا کپ پانی میں ایک چائے کا چمچ چھلی ہوئی ادرک،ایک یادو لیموں کا رس اور ایک چائے کا چمچ شہد مکس کریں،اس مکسچر سے غرارے کرنا گلے کی تکلیف میں کمی لا سکتاہے۔
سرکی خشکی کو دور کرے
شہد سے بال دھونا سر کی خشکی سے نجات دلا سکتاہے،اس کے استعمال سے سر کی نمی بحال ہوتی ہے جس سے خشکی کا امکان کم ہوجاتاہے۔سر کی خشکی سے نجات کے لئے پتلے شہد کو ہلکے سے گرم پانی میں مکس کریں اور پھر سر پر اس کی دو سے تین منٹ تک مالش کریں۔

Browse More Healthart