Stomach Ulcer - Article No. 2727

Stomach Ulcer

معدے کا زخم - تحریر نمبر 2727

اگر کوئی تدبیر نہ کی جائے،تو زخم بن جاتا ہے،جو السر کہلاتا ہے

جمعرات 15 جون 2023

حکیم حارث نسیم سوہدروی
معدے کا زخم،جسے السر کہا جاتا ہے،ایک عام مرض ہے،جس میں معدے کی حفاظتی جھلی میں زخم بن جاتا ہے۔السر کیوں لاحق ہوتا ہے؟تو معدے کی اندرونی دیوار،غذا کی نالی،چھوٹی آنت اور بڑی آنت میں موجود بعض خلیے تیزاب پیدا کرتے ہیں،جو ہضم اور انجذاب کے لئے ضروری ہیں۔تیزاب کے مضر اثرات سے بچاؤ کے لئے قدرتی نظام کے تحت کچھ خلیے حفاظتی مادے پیدا کرتے ہیں۔
جب تیزاب اور حفاظتی مادوں میں توازن قائم نہیں رہتا ہے،تو تیزاب کی زیادتی کی صورت میں سوزش ہو جاتی ہے۔اگر کوئی تدبیر نہ کی جائے،تو زخم بن جاتا ہے،جو السر کہلاتا ہے۔السر کی کئی اقسام ہیں۔مثلاً معدے،چھوٹی آنت،دونوں صورتوں میں (یعنی معدے اور چھوٹی آنت) اور غذا کی نالی کا السر۔

(جاری ہے)

السر کی مختلف وجوہ ہیں۔جیسے ناقص غذا،آلودہ پانی،نظامِ ہضم کی خرابی،مسلسل قبض،مرغن اور تیز مرچ مصالحے کا بکثرت استعمال،گلے سڑے پھل سبزیاں،رنج و غم،جنسی ہارمونز والی ادویہ کا استعمال،درد شکن ادویہ،کارٹی سون،جنک فوڈ اور فاسٹ فوڈز،مشروبات جیسے کولا مشروبات کا زیادہ استعمال معدہ کے تیزاب کو بڑھا دیتا ہے اور حفاظتی مادوں کا توازن بگڑ جاتا ہے۔

ایک جدید تحقیق کے مطابق ایک جراثیم ایچ پائلوری (Helicobacter Pylori) بھی معدے کے زخم کا سبب بنتا ہے۔السر کی علامات میں سینے،غذا کی نالی میں جلن،پیٹ اور معدے میں درد شامل ہے۔تشخیص کے لئے اینڈو اسکوپی کی جاتی ہے۔
السر سے محفوظ رہنے کے لئے درد کشا ادویہ کم سے کم استعمال کی جائیں۔نشہ آور اشیاء الکوحل،تمباکو نوشی سے اجتناب برتیں۔کافی اور چائے کا استعمال کم سے کم کریں۔
ذہنی دباؤ سے بچیں۔صبح و شام کی سیر معمول کا حصہ بنا لیں۔تیز مرچ مصالحے اور مرغن اشیاء سے پرہیز کریں کہ مرچ کسی بھی قسم کی ہو،تیزابیت میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔اسی طرح جنک فوڈ،فاسٹ فوڈز اور کولا مشروبات سے احتیاط کریں۔اس کے علاوہ جب معدے یا غذا کی نالی میں جلن کا احساس ہو یا غذا منہ کی طرف آئے،معدہ کے مقام پر درد محسوس ہو تو بہتر ہو گا کہ معالج سے رابطہ کر لیا جائے۔
اگرچہ یہ تکلیف دہ مرض ہے،مگر قابل علاج ہے،البتہ تاخیر سے پیچیدگیاں لاحق ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔طبِ یونانی میں السر کا موٴثر علاج موجود ہے۔مثلاً:
دودھ میٹھا کر کے دن میں تین چار مرتبہ آدھا آدھا کپ پینا مفید ثابت ہوتا ہے۔
مُلٹھی جسے طبی اصطلاح میں اصل السوس کہتے ہیں،پیس کر سفوف بنا لیں اور صبح و شام کھانے سے قبل آدھا آدھا چمچ تازہ پانی سے پھانک کر شربت بادیان (سونف) دو دو چائے کے چمچ پی لیں۔
یہ سوسی ہمدرد کے نام سے تیار شدہ بھی دستیاب ہیں۔
قبل از دوپہر شام قرحین ہمدرد کا ایک ایک ساشا تازہ پانی سے پھانک لیا کریں۔
رات سونے سے قبل اندمالی ہمدرد کا ایک ساشا آنتوں کی سوزش اور زخم میں فائدہ مند ہے۔چونکہ السر کا علاج کچھ وقت لیتا ہے،لہٰذا مریض کو چاہیے کہ صبر اور حوصلے سے دو تین ماہ باقاعدگی سے دوا استعمال کریں۔

Browse More Healthart