Sunstroke - Article No. 2732

Sunstroke

سن اسٹروک - تحریر نمبر 2732

ہمارے ملک میں مئی تا جولائی سورج پوری آب و تاب سے چمکتا ہے،جس کی تمازت سے انسان،چرند پرند غرض کہ ہر جاندار متاثر ہوتا ہے

جمعرات 22 جون 2023

حکیم راحت نسیم سوہدروی
ہمارے ملک میں مئی تا جولائی سورج پوری آب و تاب سے چمکتا ہے،جس کی تمازت سے انسان،چرند پرند غرض کہ ہر جاندار متاثر ہوتا ہے۔گرمی کی شدت میں لو بھی لگنے کا امکان بڑھ جاتا ہے،جسے انگریزی میں سن اسٹروک کہا جاتا ہے۔جب کوئی فرد شدت گرمی سے متاثر ہوتا ہے،تو اس کے جسم کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے،جس کی وجہ سے اس کی جسمانی صحت اور احساسات میں تبدیلی آ جاتی ہے اور جلد گرم و خشک ہو جاتی ہے،جس کا مطلب ہے کہ متعلقہ فرد سن اسٹروک کا شکار ہو گیا ہے۔
حرام مغز میں ورمی کیفیت اور اعصابی نظام میں خلل کی وجہ سے بخار کی شدت 104 سے 106 فارن ہائیٹ تک ہو جاتی ہے۔دورانِ خون تیز ہونے کے نتیجے میں دل کی دھڑکن بڑھ جاتی ہے اور دل ڈوبتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اعصاب،خاص طور پر کمر اور گردن کے پٹھوں کھنچاؤ اور تناؤ محسوس ہوتا ہے۔متاثرہ فرد بار بار پانی طلب کرتا ہے۔اس کے علاوہ قے،سر چکرانے اور درد کی علامات بھی ظاہر ہو جاتی ہیں۔

چلنے پھرنے میں توازن برقرار نہیں رہتا۔بے ہوشی کے دورے بھی پڑتے ہیں،جو اس مرض میں بہت خطرناک مرحلہ تصور کیا جاتا ہے۔لو لگنے سے عام طور پر بچے اور عمر رسیدہ افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
چونکہ شدید گرمی میں زائد پسینہ آنے کے نتیجے میں جسم سے پانی کا بڑا حصہ خارج ہو جاتا ہے،اس لئے جسم کی کمی سے بچانے کے لئے قدرے نمک ملے ٹھنڈے مشروبات،جن میں لیموں کی سکنجبین،پتلی لسی،ستو یا بزوری کا شربت ضرور پئیں۔
گھر سے نکلتے وقت ایک دو گلاس پانی پی کر جائیں۔اس کے برعکس کولا مشروبات نہ صرف مضر ثابت ہوتے ہیں،بلکہ پیاس کی شدت بھی بڑھاتے ہیں۔ان سے وقتی تسکین ہوتی ہے۔اس طرح گرمیوں میں برف کا استعمال بھی اعتدال ہی میں کیا جائے،تو بہتر ہے۔اس موسم میں گہرے سیاہ ملبوسات استعمال نہ کریں،کیونکہ یہ زیادہ حرارت جذب کرتے ہیں۔آج کل کلف والے ملبوسات کا رواج عام ہے،جن میں ہوا کا گزر نہیں ہوتا ہے،لہٰذا ہلکے رنگوں کے سوتی کپڑے استعمال کریں۔
طلبہ دھوپ میں واپس آتے ہوئے اور گرمی کی جگہ پر کام کرنے والے افراد سر پر گیلا کپڑا رکھیں۔نیز،فرائی،چٹ پٹی،باسی اور گرم تاثیر والی اشیاء استعمال نہ کریں،البتہ تازہ موسمی پھل اور سبزیاں جن میں فالسہ،کھیرا،تربوز،خربوزہ اور آلو بخارا وغیرہ زیادہ استعمال کریں۔لو لگنے کی صورت میں مریض کو ٹھنڈی،ہوا دار جگہ پر رکھیں اور اُفقی حالت میں لٹا دیں۔
ٹھنڈے پانی سے غسل کروائیں۔یہ ایک خطرناک مرض ہے،جس میں مریض بے ہوش بھی ہو جاتا ہے۔اس حالت میں مریض کو نمک ملا پانی نہ دیں،جب تک ہوش نہ آ جائے۔کیونکہ بے ہوشی میں پانی سانس کی نالی میں جا کر پھیپھڑوں کو متاثر کر سکتا ہے۔برف کے پانی میں پٹیاں بھگو کر پیشانی پر رکھیں۔علاج کے ضمن میں خمیرہ مروارید آدھا آدھا چائے کا چمچ ہمراہ عرق گازوبان آدھا آدھا کپ دن میں تین بار دیں۔کچے آم راکھ میں رکھ کر پندرہ منٹ بعد نکال لیں۔پھر ان کا رس اچھی طرح نچوڑ کر چینی و برف ملا کر ہر دو گھنٹہ بعد وقفے وقفے سے پلائیں۔

Browse More Healthart