Tambako Noshi Ke Muzar Asraat - Article No. 2509

Tambako Noshi Ke Muzar Asraat

تمباکو نوشی کے مضر اثرات - تحریر نمبر 2509

نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے اس کو بطور فیشن اپنا رکھا ہے کیونکہ وہ اس کے خطرناک نتائج سے لاعلم ہیں

ہفتہ 6 اگست 2022

عمران امین
تمباکو نوشی کو بھی نشہ آور اشیاء میں شمار کیا جاتا ہے کیونکہ اس کے باقاعدہ استعمال سے عادت پڑ جاتی ہے اور نشہ آور اشیاء اور ادویات کی ایک بڑی خصوصیت یہ ہوتی ہے کہ ان کی عادت چھڑانے سے نہیں چھوٹتی اور اگر زبردستی چھڑایا جائے تو وہ فرد اچھا خاصا مریض بن جاتا ہے لیکن اطمینان بخش بات یہ ہے کہ یہ حالت مستقل نہیں رہتی اگر ثابت قدمی اور حوصلہ مندی سے کام لیا جائے تو اس لعنت سے جان چھڑائی جا سکتی ہے۔
اگرچہ ساری دنیا تمباکو نوشی کے مضر اثرات کو مانتی ہے مگر پھر بھی ساری دنیا میں اس کا استعمال دن بدن بڑھ رہا ہے اور استعمال کے طریقے بھی نئے نئے آ رہے ہیں جن میں سگریٹ،سگار،گٹکہ اور کچھ عرصہ پہلے سے متعارف شیشہ سموکنگ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تمباکو نوشی کے بعد شیشہ سموکنگ کا نشہ ہماری نوجوان نسل میں بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے جس نے نہ صرف ہماری نوجوان نسل کو بلکہ ملک کو بھی تباہی و بربادی کی طرف دھکیل دیا ہے۔


WHO ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق ہمارے ملک میں شیشہ سموکنگ کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے پرانے وقتوں میں اسے حقہ کے نام سے منسوب کیا جاتا تھا اور اس کو پینے کی روایت تقریباً تین ہزار سال پرانی ہے۔اس بات سے تو آپ سب اچھی طرح واقف ہیں کہ حقہ بنانے کے لئے تمباکو،نکوٹین اور ٹارکو استعمال کیا جاتا ہے لیکن اب اس کی جدید شکل شیشہ میں تمباکو کی بُو زائل کرنے کے لئے سویٹ فلیورز بھی شامل کیے جاتے ہیں۔
اگرچہ پاکستانی قانون کے مطابق سولہ سال سے کم عمر نوجوانوں کو سگریٹ فروخت کرنا جرم ہے مگر یہ الگ بات ہے کہ اس قانون کا اطلاق آج تک نظر نہیں آیا۔کم عمر لڑکے اور لڑکیاں ہوٹلوں،تفریحی پارکوں،کالجوں،یونیورسٹیوں اور سڑکوں پر کھلے عام سموکنگ کرتے نظر آتے ہیں اور اکثر نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے اس کو بطور فیشن اپنا رکھا ہے کیونکہ وہ اس کے خطرناک نتائج سے لاعلم ہیں۔

یوں تو ہر دور میں تمباکو نوشی کے نقصانات کے بارے میں حکما اور طبیبوں نے خوب لکھا ہے مگر امام غزالی رحمة اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ تمباکو نوشی سے ستر سے زائد امراض پیدا ہوتے ہیں جن میں دل کی بیماریاں،سانس سے جڑی تکالیف،دمہ،خوراک کی نالی کا کینسر،نمونیہ،نومولود بچوں میں سانس کی بیماریاں،حاملہ خواتین میں وقت سے پہلے بچے کی پیدائش،پھیپھڑوں کا کینسر،جنسی کمزوری،اعصابی کمزوری،خواتین میں بڑھتا ہوا بانجھ پن اور معدے کے امراض وغیرہ شامل ہیں۔

Browse More Healthart