Thyroid Gland - Afaal Durust Na Hoon To Mutadid Amraz Ka Sabab Ban Sakta Hai - Article No. 2644

Thyroid Gland - Afaal Durust Na Hoon To Mutadid Amraz Ka Sabab Ban Sakta Hai

تھائی رائیڈ گلینڈ ․․․ افعال درست نہ ہوں،تو متعدد امراض کا سبب بن سکتا ہے - تحریر نمبر 2644

تھائی رائیڈ ایک عام مرض ہے،جو مرد،خواتین،شیر خوار بچوں،نوعمر اور بوڑھے افراد،غرض کہ کسی کو بھی متاثر کر سکتا ہے

بدھ 15 فروری 2023

ڈاکٹر اسماء کاشف
تھائی رائیڈ گلینڈ ایک چھوٹا سا عضو ہے،جو گردن کے سامنے واقع ہے اور (Trachea) کے گرد لپٹا ہوتا ہے۔یہ تتلی کی مانند دکھائی دیتا ہے۔واضح رہے،جسمانی افعال کو ایک خاص حد میں رکھنے میں ہارمونز کلیدی کردار ادا کرتے ہیں،جو تھائی رائیڈ گلینڈ میں تیار ہوتے ہیں۔قدرتی طور پر ہمارا جسم تھائی رائیڈ ہارمونز بناتا ہے۔
اگر کسی بھی وجہ سے اس گلینڈ کے افعال میں گڑبڑ پیدا ہو جائے یعنی ہارمونز کم یا زیادہ تعداد میں بننے لگیں،تو تھائی رائیڈ کا مرض لاحق ہو جاتا ہے،جس کی کئی اقسام ہیں۔مثلاً ہائپر تھائی رائیڈ ازم،ہائپو تھائی رائیڈز،تھائیرائیڈائٹس اور Hashimoto's Thyroiditis۔یوں تو ہائپر اور ہائپو تھائی رائیڈ ازم لاحق ہونے کی مختلف وجوہ ہیں،مگر ان دونوں عوارض کا شمار موروثی بیماریوں میں کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر ہائپو تھائی رائیڈ ازم کا ذکر کریں تو اس مرض کے لاحق ہونے کے اسباب میں تھائیرائیڈائٹس،Hashimoto's Thyroiditis،پوسٹ پارٹم تھائیرائیڈائٹس اور آیوڈین کی کمی وغیرہ شامل ہیں۔ایک محتاط اندازے کے مطابق تقریباً 5 سے 9 فیصد خواتین بعد از زچگی پوسٹ پارٹم تھائیرائیڈائٹس کا شکار ہو جاتی ہیں۔تاہم،یہ عمومی طور پر ایک عارضی تکلیف ہے۔اگر جسم میں آیوڈین کی کمی واقع ہو جائے تو بھی ہائپو تھائی رائیڈ ازم کا مرض لاحق ہو جاتا ہے۔

دنیا بھر میں کئی ملین افراد آیوڈین کی کمی کا شکار ہیں۔بعض کیسز میں پیدائشی طور پر بھی تھائی رائیڈ گلینڈ درست طریقے سے کام نہیں کرتا۔ہر چار ہزار نوزائیدہ بچوں میں سے ایک بچہ اس سے متاثر ہوتا ہے۔اگر بروقت اور درست علاج نہ کروایا جائے،تو کئی طرح کے جسمانی اور ذہنی مسائل لاحق ہو سکتے ہیں،لہٰذا ضروری ہے کہ نوزائیدہ بچوں کے تھائی رائیڈ گلینڈ کی کارکردگی جانچنے کے لئے خون کی اسکریننگ کا ٹیسٹ لازماً کروایا جائے۔

ہائپر تھائی رائیڈ ازم کا سبب بننے والے عوامل میں گریوز ڈیزیز،نوڈیولز اور ضرورت سے زائد آیوڈین کا استعمال شامل ہے۔بعض کیسز میں ہائپر تھائی رائیڈ ازم،تھائی رائیڈ گلینڈ کے اندر زیادہ فعال ہونے والے نوڈیولز کی وجہ سے بھی لاحق ہو جاتا ہے۔اگر جسم میں زیادہ مقدار میں آیوڈین (وہ معدنیات جو تھائی رائیڈ ہارمونز بنانے کے لئے استعمال ہوتی ہیں) پائی جائے،تو تھائی رائیڈ اپنی ضرورت سے زیادہ تھائی رائیڈ ہارمونز بناتا ہے،جو ہائپر تھائی رائیڈ ازم کا سبب بن جاتے ہیں۔
بعض اوقات مخصوص ادویہ اور کھانسی کے شربت بھی آیوڈین میں اضافے کی وجہ بنتے ہیں۔
تھائی رائیڈ ایک عام مرض ہے،جو مرد،خواتین،شیر خوار بچوں،نوعمر اور بوڑھے افراد،غرض کہ کسی کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔ایک سروے کے مطابق ریاست ہائے متحدہ میں تقریباً 20 ملین افراد کسی نہ کسی قسم کے تھائی رائیڈ ڈس آرڈر میں مبتلا ہیں،جب کہ ایک خاتون میں مرد کی نسبت تھائی رائیڈ بیماری تشخیص ہونے کے تقریباً پانچ سے آٹھ گنا زائد امکانات پائے جاتے ہیں۔

تھائی رائیڈ مرض سے متاثر ہونے کے امکانات اُن افراد میں بلند ہیں،جن کی فیملی ہسٹری میں تھائی رائیڈ ڈس آرڈر موجود ہو،جو خون کی کمی،ذیابیطس ٹائپ ون کا شکار ہوں۔جو ایسی ادویہ یا خوراک استعمال کرتے ہوں،جن میں آیوڈین کی مقدار زیادہ پائی جائے۔ایسے 60 سال سے زائد عمر افراد،خاص طور پر خواتین،جنہوں نے کینسر (تاب کاری) کا علاج کروایا ہو۔

Browse More Healthart