Zara Si Ehtiyat Sehat Ki Zamin - Article No. 2731

Zara Si Ehtiyat Sehat Ki Zamin

ذرا سی احتیاط صحت کی ضامن - تحریر نمبر 2731

صحت کے اعتبار سے گوشت ایک بہترین غذا ہے،جو اس صورت میں فائدہ مند ثابت ہوتی ہے،جب اسے مناسب طریقے سے پکایا جائے اور پھر اعتدال کے ساتھ کھایا جائے

بدھ 21 جون 2023

نسرین شاہین
صحت کے اعتبار سے گوشت ایک بہترین غذا ہے،جو اس صورت میں فائدہ مند ثابت ہوتی ہے،جب اسے مناسب طریقے سے پکایا جائے اور پھر اعتدال کے ساتھ کھایا جائے۔ایک وقت میں زائد مقدار میں خاص طور پر تلا ہوا گوشت کھانے سے اجتناب برتیں کہ یہ صحت کے لئے مضر ثابت ہو سکتا ہے،خاص طور پر معدے کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔
تیزابیت کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔گوشت کو ہمیشہ سینک کر یا اُبال کر کھانا زیادہ مفید ہے۔قربانی کے گوشت کو گلانے کے لئے کسی بھی چیز کا استعمال نہ کریں کہ تازہ ہونے کی وجہ سے صرف آدھے گھنٹے میں گل جاتا ہے۔اسی طرح تازہ گوشت کم گھی یا تیل میں پکایا جائے،کیونکہ اس میں قدرتی طور پر چکنائی پائی جاتی ہے۔زیادہ گھی یا تیل میں پکانے سے چکنائی کی مقدار بڑھ جاتی ہے،جو صحت کے لئے نقصان دہ ہے۔

(جاری ہے)

البتہ گوشت میں لگی ہوئی تھوڑی بہت چکنائی کا استعمال کر لینا چاہیے،لیکن اس صورت میں پیدل چلنے کو معمول بنا لیا جائے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ قربانی کے بعد گوشت جلد از جلد صاف اور محفوظ کر لینا چاہیے۔دراصل،گوشت دیگر کھانے کی اشیاء کی نسبت جلد خراب ہو جاتا ہے۔گوشت کو طویل عرصے تک زائد مقدار میں فریز نہ کریں،تاکہ اس کی قدرتی غذائیت ضائع نہ ہو۔
ایک بالغ فرد کے لئے دن بھر میں آدھا پاؤ گوشت کھانا بھی کافی رہتا ہے۔چونکہ گوشت میں پانی 10 تا 75 فیصد پایا جاتا ہے اور جراثیم گوشت کے پانی میں تیزی سے پرورش پاتے ہیں،اس لئے گوشت کو محفوظ کرنے کے لئے اس میں شامل قدرتی پانی ختم کرنا ازحد ضروری ہے،اس مقصد کے لئے گوشت کو دھوپ میں سکھایا جا سکتا ہے۔تاہم،دھوپ میں رکھنے سے قبل اگر اس میں نمک یا لیموں کا سرکہ چھڑک لیا جائے،تو تیزابیت سے یہ خشک ہو جائے گا اور جراثیم بھی ختم ہو جائیں گے۔
ایسا گوشت جو نمک یا سرکہ چھڑک کر سکھایا گیا ہو،فولاد کی کمی کے مریضوں کے لئے بہت مفید ہے۔گوشت میں لیموں کا رس،نمک اور سرکہ لگا کر گرل کر لیں،جلد خراب نہیں ہو گا یا گوشت صاف کر کے لیموں اور نمک لگا کر آدھے گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔پھر گُڑ گھول کر گوشت پر ڈال دیں اور تیز دھوپ میں سکھا لیں،یہ گوشت فریج کے بغیر کافی دنوں تک ذخیرہ کیا جا سکتا ہے،خراب نہیں ہو گا۔
اگر قربانی کے گوشت کو صحیح طرح محفوظ نہ کیا جائے،تو اس میں جراثیم افزائش پذیر ہو جاتے ہیں۔گرمیوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث بار بار فریج یا فریزر بند ہونے سے گوشت کی کیمیائی حالت تبدیل ہو جاتی ہے،لہٰذا کوشش کریں کہ گوشت جتنا جلدی ہو سکے استعمال میں لائیں۔فریزر سے گوشت نکالنے کے بعد فوراً ہی پکا لینا چاہیے۔برف پگھلنے کے بعد گوشت غیر محفوظ ہو جاتا ہے اور اس میں جراثیم تیزی سے نمو پانے لگتے ہیں۔بہتر تو یہی ہے کہ گوشت کی تھوڑی تھوڑی مقدار کو الگ الگ ایئر ٹائٹ بیگس میں لیبل لگا کر فریز کریں،تاکہ ضرورت کے مطابق ہی گوشت استعمال ہو۔

Browse More Healthart