Kya Aap Ki Haddiyan Bhur Bhuri Ho Gayi Hain - Article No. 1451

Kya Aap Ki Haddiyan Bhur Bhuri Ho Gayi Hain

کیا آپ کی ہڈیاں بھُر بھُر ی ہو گئی ہیں؟ - تحریر نمبر 1451

عام طور پر جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹنے کے بعد ہی پتا چلتا ہے کہ ان میں بھُر بھُرا پن پیدا ہو چکا ہے اور وہ خستہ ہو چکی ہیں ۔عموماً سفر کے دوران

پیر 31 دسمبر 2018

ڈاکٹر فہیم خاں
جب ہڈیاں کم زور ہو جاتی ہیں تو ان میں خستگی اور بھُر بھُراپن پیدا ہو جاتا ہے ۔ہڈیوں کا بھُر بھُراپن (OSTEOPOROSIS)ایک خاموش بیماری ہے۔یہ اس وقت تک ظاہر نہیں ہوتی،جب تک کہ جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹ نہیں جاتی۔ہڈیاں جان دار بافتوں(TISSUES)کی مانند ہیں ،جو ہٹتی اور بدلتی رہتی ہیں ۔چناںچہ انھیں افزایش کے لیے متوازن اور صحت بخش غذاؤں کی ضرورت پڑتی ہے ،مثلاً کیلسےئم،ہارمون،حیاتین”د“(وٹامن ڈی)،حرارے(کیلوریز)اورلحمیات(پروٹینز)وغیرہ ۔


انھیں صحت مند رکھنے کے لیے بھاری ورزش کی بھی ضرورت پڑتی ہے ،مثلاً دوڑنا،تیز قدموں سے چلنا،
زینے پر چڑھنا اترنا یا ٹینس کھیلنا سود مند ثابت ہوتاہے۔
علامات
عام طور پر جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹنے کے بعد ہی پتا چلتا ہے کہ ان میں بھُر بھُرا پن پیدا ہو چکا ہے اور وہ خستہ ہو چکی ہیں ۔

(جاری ہے)

عموماً سفر کے دوران اُترتے چڑھتے ،غلط اندا زسے اُٹھتے بیٹھتے یاکھڑے ہوتے وقت اچانک گرجانے کی وجہ سے جسم کی ہڈی ٹوٹ جاتی ہے۔


جب کوئی بوڑھا ہو جاتا ہے تو ہڈیوں میں ٹوٹ پھوٹ اور ان میں تبدیلی عمل میں آنے لگتی ہے ۔وہ افراد جن کی ہڈیاں بھُر بھُری یاخستہ ہوجاتی ہیں ،ان کے ساتھ یہ واقعات زیادہ پیش آتے ہیں ۔ہڈیوں کے بھُر بھُرے ہونے کی بنا پر ہلکا سادھچکا لگنے سے وہ ٹوٹ جاتی ہیں۔جب ہڈیاں بھُر بھُری ہوجاتی ہیں تو پھر جسم کے سارے ڈھانچے کو متاثر کرتی ہیں ۔کچھ حصے ایسے ہوتے ہیں ،جہاں ٹوٹ پھوٹ زیادہ ہوتی ہے،مثلاً کلائیاں،ریڑھ کی ہڈی اور کولھے کی ہڈی۔

ہڈیوں کے بھُر بھُرے پن کی علامات
کمرکے اوپری،درمیانی اورنچلے حصے میں درد ہوتاہے۔
قامت تقریباً دو سینٹی میٹر کم ہو جاتی ہے ۔
پیٹھ پر کُب(کوہان)بننے لگتاہے۔
کن افراد کو زیادہ خدشات ہوتے ہیں؟
اس بیماری سے ہر عمر کے افراد متاثر ہوتے ہیں ۔چناں چہ اسے عمر رسیدہ یا خواتین کی بیماری نہیں کہنا چاہیے۔بچے بھی اس کا شکار ہو سکتے ہیں ۔
ہر چار میں سے ایک مرد اور ہر دو میں سے ایک 50سالہ خاتون کے جسم کی کوئی نہ کوئی ہڈی اس وقت ٹوٹتی ہے ،جب وہ بھُر بھُری ہوجاتی ہے ۔زیادہ ترکیسز میں بھُربھُری ہڈیوں کی بیماری کا علاج بہ آسانی کرلیا جاتا ہے اور اس سے بچا بھی جا سکتا ہے ۔علامات کی بنیاد پر اگر بروقت تشخیص کر لی جائے تو اس کے نتائج بہت اچھے نکلتے ہیں ۔جس فرد کی ہڈیاں بھُر بھُری ہو گئی ہوں ،اس کے لیے ریڑھ کی ہڈی اور کولھوں کا ”ڈیکزااسکین“(DEXA SCAN)کرانا ضروری ہوتاہے۔اگر آپ کی ہڈیاں بھُر بھُری ہورہی ہوں یا اس کا خدشہ ہو تو ہڈیوں کے سرجن
(آرتھوپیڈک)سے مشورہ بہت ضروری ہے۔

Browse More Joint Pain