Badalte Mausam Ka Faida Uthayeen - Article No. 2129

Badalte Mausam Ka Faida Uthayeen

بدلتے موسم کا فائدہ اُٹھائیں - تحریر نمبر 2129

یہ دن ان لوگوں کے لئے سنہری موقعے سے کم نہیں جو اپنا وزن گھٹا کر ڈبلے پتلے ہونا چاہتے ہیں

پیر 12 اپریل 2021

زارا علی
موسم بدلتا ہے تو انسان کے کھانے پینے کی عادات میں بھی تبدیلی آجاتی ہے۔گرمیوں کی دوپہر میں عام طور پر کھانے کو دل نہیں چاہتا۔یوں یہ دن ان لوگوں کے لئے سنہری موقعے سے کم نہیں جو اپنا وزن گھٹا کر ڈبلے پتلے ہونا چاہتے ہیں،مگر اس کے لئے کھانا بالکل چھوڑنے کی ضرورت نہیں بلکہ صرف چند باتوں پر عمل کرکے آپ موٹاپے سے بہت حد تک نجات حاصل کر سکتی ہیں۔
کھانے کا مقصد جسم کو مناسب مقدار میں توانائی اور طاقت پہنچا کر چاق و چوبند اور فٹ رکھنا ہے۔ماہرین کے نزدیک چاہے آپ ایک گھنٹہ ورزش ہی کیوں نہ کرتی ہوں، لیکن غذائی عادات میں مناسب تبدیلی وزن گھٹانے کے لئے بہت ضروری ہے۔کئی لوگ چند ہی دنوں میں خود کو سمارٹ بنانے کے لئے کھانا بالکل چھوڑ دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

موٹاپا کم کرنے کے لئے افراتفری سے کام مت لیجئے۔

اس طرح فاقہ زدہ رہنے سے موٹاپا جتنی جلدی جاتا ہے اُسی رفتار سے واپس بھی آتا ہے۔یہ بالکل سادہ سی بات ہے کہ جس طرح راتوں رات جسم پر چربی نہیں چڑھتی اسی طرح اسے چند دنوں میں ہی پگھلایا بھی نہیں جا سکتا۔
ماہرین کے خیال میں دن بھر کی کیلوریز کا بیس فیصد کم کر دینا چاہیے،اور غذا میں چکنائی کا استعمال کم کر دیجئے۔بازار میں ملنے والے کھانوں میں چکنائی کا تناسب زیادہ ہوتا ہے۔
اسی طرح بیکری کی اشیاء میں مکھن،تیل اور گھی کی خاصی مقدار پائی جاتی ہے۔بسکٹ اور فرنچ فرائز بھی اس سے مستثنیٰ نہیں،لہٰذا ان سے پرہیز ہی بہتر ہے۔حد سے زیادہ میٹھی اور سفید شکر سے بنی اشیاء سے بھی دور رہیں۔ٹافیاں اور سفید شکر سے بنی اشیاء میں موجود مٹھاس ہمارے جسم میں چربی کی صورت جمع ہوتی رہتی ہے۔کسی بھی وقت کا کھانا مت چھوڑیں اور ایک وقت ڈٹ کر کھانا کھانے کی بجائے تھوڑی بھوک بچا کر رکھیں۔
ڈبل روٹی کی بجائے گھر کی چپاتی استعمال کریں۔اس کے علاوہ بسکٹ ،کباب،برگر، کیک اور ڈونٹ وغیرہ کبھی کبھی کھائیں۔جیلی،جام،مربے،کریم اور پنیر میں بہت زیادہ چکنائی پائی جاتی ہے لہٰذا ان کا استعمال بھی کم کریں ۔گوشت میں بھی چکنائی کی کافی مقدار موجود ہوتی ہے اس لئے کوشش کریں کہ گوشت میں سبزیوں اور پھلوں کے بیج ڈال کر پکائے جائیں۔
پھل،سبزیاں،گوشت،انڈے،بالائی،دودھ اور سلاد وغیرہ آپ کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے موجود ہے۔
کوشش کریں کہ گھی کی بجائے کھانا تیل میں پکایا جائے۔کبھی کبھار روٹین سے ہٹ کر بھی کھا لینے میں کوئی مضائقہ نہیں،لیکن یاد رہے کہ کبھی کبھار کا مطلب مہینے میں دو،تین بار ہونا چاہیے اور وہ بھی نہایت کم مقدار میں استعمال کریں۔اس کے ساتھ ساتھ اگر ورزش کی جائے تو آپ کو وزن گھٹانے میں بے حد مدد ملے گی۔ورزش سے جہاں آپ کے جسم کی زائد چربی زائل ہوتی ہے وہاں آپ کا سارا دن بھی چاق و چوبند رہتا ہے۔اس لئے اپنے دن کا آغاز ورزش سے کریں،اور ہر گھنٹے بعد ہلکی پھلکی غذا کھاتی رہیں،کیونکہ کھانا بالکل چھوڑ دینا اور گھنٹوں بھوکے رہنا بھی آپ کی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

Browse More Weight Loss