Taiz Qadmi Ya Chehal Qadmi - Article No. 2597

Taiz Qadmi Ya Chehal Qadmi

تیز قدمی یا چہل قدمی - تحریر نمبر 2597

یہ جم جانے سے کہیں بہتر تجویز ہے

ہفتہ 10 دسمبر 2022

اگر آپ کا وزن تیزی سے بڑھ رہا ہے تو دوڑنے کو اپنا معمول بنا لیں۔دوڑ یا جاگنگ،وزن کم کرنے کا سب سے آسان اور آزمودہ طریقہ ہے۔اس لئے جم کے گھٹے ہوئے ماحول سے نکلیں اور صبح سویرے کسی نزدیکی پارک میں جا کر تازہ ہوا کا لطف لیں۔اس طرح نہ صرف فٹ رہیں گے بلکہ جم کی فیس بھی بچ جائے گی،تاہم جاگنگ شروع کرنے سے پہلے کچھ اہم باتیں ذہن میں رکھنا ضروری ہیں۔

دوڑ کی تیاری
جب جاگنگ کرنے کا تہیہ کر لیا تو جاگرز کے ایک عدد جوڑے کی ضرورت ہو گی۔اگر آپ کینوس شوز میں آرام محسوس کرتی ہیں تو وہ پہن لیں مگر کبھی کبھی بہت زیادہ پھنسے ہوئے جاگرز یا کینوس شوز پہن کر تیز قدمی یا دوڑ نہ کریں ہمارے ساتھ مشکل یہ ہے کہ ہم اوپر اور سامنے سے جوتوں کی ساخت دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

کپڑے بھی ایسے پہنیں جن میں آرام محسوس کرتی ہوں۔

اس مقصد کے لئے سادہ سوتی لباس بہتر انتخاب اس لئے ہے کہ اس میں پسینہ جذب ہوتا ہے۔
درست طریقہ
دوڑتے وقت جسم کو اکڑانے کی ضرورت نہیں۔قدرتی انداز میں جسم ڈھیلا چھوڑ دیں۔دوڑتے ہوئے بازوؤں کو سہولت کے ساتھ مسلسل آگے پیچھے حرکت دیتی جائیں اور جسم کو قدرے آگے کی جانب جھکا کر دوڑیں۔اپنے پیروں کو زمین کے ساتھ رگڑ کر دوڑنے کے بجائے پنجہ اُٹھا کر آگے بڑھیں۔
اس طرح آپ کا پنجہ کسی گڑھے میں پھنسنے سے بھی بچا رہے گا۔ٹانگوں کو بھی سخت نہ رکھیں کیونکہ اس طرح آپ کے گھٹنوں اور دوسرے جوڑوں پر زور پڑے گا جبکہ اپنے دھڑ کو سیدھا اور متوازن رکھیں۔ٹھہرے بغیر دوڑتی چلی جائیں۔رفتار بے شک کم رکھیں مگر جاگنگ تیز قدمی سے بہتر ورزش ہے۔
سانس کی ترتیب درست رکھیں
سانس لینے کی درست اور بہترین تکنیک یہ ہے کہ ناک کے ذریعے آکسیجن اندر لی جائے۔
پھیپھڑوں میں پوری طرح ہوا بھر لی جائے اور پھر سانس کو منہ کے ذریعے خارج کر دیا جائے۔اس طرح منہ سے سانس خارج کرنے کے نتیجہ میں آپ کم سے کم تردد اٹھا کر زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کر سکیں گی۔
دوڑنے سے قبل جسم کو پھیلائیں
جسم کو پھیلا کر انگڑائی لے کر عضلات کو دوڑنے کے لئے متحرک کیا جاتا ہے۔اس طرح تمام پٹھے کھل جاتے ہیں۔
سب سے زیادہ اہم ٹانگوں کے عضلات ہوا کرتے ہیں جنہیں Stretch کرنا ضروری ہوتا ہے۔اس کا طریقہ یہ ہے کہ کسی دیوار سے چند فٹ کے فاصلے پر کھڑی ہو جائیں اور ٹانگ دیوار پر ٹکا کر اسے Push کریں پھر اسی دیوار پر ٹانگ ٹکاتے ہوئے دیوار کے ایک فٹ سے قریب ہو جائیں تاکہ آپ کی ٹانگ کے مسلز اچھی طرح کھچ جائیں۔اگر آپ ساحل سمندر پر جاگنگ کر سکیں تو یہ زیادہ مناسب جگہ ہے کیونکہ ریت پر دوڑنا آسان لگتا ہے۔
یہ نرم اور ہموار ہوتی ہے۔اس لئے یہاں دوڑتے ہوئے کسی قسم کی چوٹ لگنے کا خطرہ بھی نہیں ہوتا۔کنکریٹ سے بنے ہوئے راستوں پر دوڑنا نسبتاً مشکل ہوتا ہے کیونکہ اس کی سطح سخت ہوتی ہے۔اس طرح آپ کے مسلز اور جوڑوں پر زیادہ زور پڑتا ہے۔لہٰذا اس قسم کے ناہموار راستوں پر دوڑتے ہوئے ایسے جوتے پہنیں جن میں مناسب پیڈز لگے ہوں۔
معلومات حاصل کریں
آپ نے جاگنگ شروع کی،بہت مناسب فیصلہ ہے لیکن اسے خاصی مدت تک معمول بنا لینا بھی کیوں ضروری ہے یہ اور ایسی کئی چھوٹی بڑی باتیں آپ کے لئے جاننا یوں بھی اہمیت رکھتا ہے تاکہ آپ مستقل مزاجی سے یہ آسان ورزش کرتی رہیں اور وزن کم کرنے کے ہدف کو پورا کر لیں۔
ایسی ویب سائٹس کا مطالعہ جاری رکھیں،ایسی کتابیں پڑھیں جنہیں فٹنس ایکسپرٹس نے ترتیب دیا ہو کیونکہ ماہرین کے تجربات اور ان کی رائے پڑھ کر بہت کچھ سیکھا جاتا ہے،غلطیاں درست کی جا سکتی ہیں اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ ورزش کی ابتداء کرنے کی تحریک حاصل کی جا سکتی ہے۔ذیابیطس کے مریضوں کے لئے ڈاکٹر خاص ہدایت کرتے ہیں کہ انہیں روزانہ تیز قدمی کرنی چاہیے۔

Browse More Weight Loss