کوالالمپور میں پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی کا شاندار پروگرام

پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مختلف ممالک کے مہمانوں کی شرکت

Muhammad Waqar Khan محمد وقار خان پیر 15 اگست 2022 11:51

کوالالمپور میں پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی کا شاندار پروگرام
کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اگست۔2022ء) ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں پاکستان ہائی کمیشن ملائشیا اور پاک ملائیشیا بزنس کونسل کے زیر اہتمام 14 اگست کے موقع پر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی ریسٹورنٹس اور دیگر شاپ کیپرز نے اپنے اسٹالز لگائے تقریب کا آغاز پرچم کشائی اور قومی، ترانے سے ہوا، پاکستانی ہائی کمشنر محترمہ آمنہ بلوچ نے پرچم کشائی کی.

بعد ازاں ہائی کمشنر محترمہ آمنہ بلوچ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا پیغام پڑھ کر سنایا. جبکہ فرسٹ سیکٹری محمد عادل نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کا پیغام پڑھ کر سنایا. تقریب میں MAPIM ملائیشیا کے صدر استاد اظمیِ کو کشمیر کے حوالے سے خدمات پہ " ستارہ پاکستان " سے نوازا گیا.

(جاری ہے)



فوڈ فیسٹیول میں پاکستانی رنگارنگ کھانے اور مشروبات، مہمانوں کی توجہ کا بھرپور مرکز بنے رہے. تقریب میں پاکستانی فوڈز، مشروبات، پھل، سبزیوں، مہندی، ملبوسات اور سفری سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کے سٹالز پہ حاضرین کی خصوصی دلچسپی دیکھنے میں آئی.

تقریب کے آخر میں میوزک گالا کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں خصوصی طور پر پاکستان سے گل خان نے شرکت کی اور حاضرین کو گرمایا. ملی نغموں کے ساتھ ساتھ قرعہ اندازی کے ذریعے مختلف انعامات کا اعلان بھی کیا گیا، اس پروقار تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن کے آفیسر اور سٹاف کے ساتھ ساتھ مقامی اور پاکستانی صحافیوں، اور پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مختلف کمیونٹیز نے بھی بھرپور شرکت کی، اور پاکستانی کلچر کے ساتھ ساتھ فوڈ سے لطف اندوز ہوئے #

کوالالمپور میں شائع ہونے والی مزید خبریں