ماں نے معمولی بات پر 2 سالہ بچی کی زندگی چھین لی

بچی نے روٹی کا ٹکڑا زمین پر پھینکا تو ظالم ماں نے سزا کے کے طور پر روٹی کا بڑا ٹکڑا زبردستی گلے میں گھُسیڑ ڈالا، سانس بند ہونے سے بچی کی موت واقع ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 6 مارچ 2020 15:39

ماں نے معمولی بات پر 2 سالہ بچی کی زندگی چھین لی
ماسکو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6مارچ 2020ء) رُوس کے شہر اومسک میں ایک سنگدل خاتون نے معمولی سی بات پر اپنی ننھی مُنی بچی کی جان لے لی۔ تفصیلات کے مطابق دو سالہ بچی وکٹوریہ کو ماں نے کھانے کے لیے روٹی کا ایک ٹکڑا دیا۔ جسے اس نے زمین پر پھینک دیا۔ بس اتنی سی بات پر 28 سالہ خاتون سویتلانہ مرزووا طیش میں آ گئی اور بچی کو بلاوجہ سزا دینے کا فیصلہ کر لیا۔

ظالم ماں نے بچی کے گلے میں زبردستی روٹی کے بڑے بڑے ٹکڑے گھُسیڑ ڈالے۔ جس کے باعث اس کا سانس رُک گیا اور وہ تھوڑی دیر بعد ہی تڑپ تڑپ کر دُنیا سے رخصت ہو گئی۔ بے حس ماں کو جب تک اپنے کیے کا پتا چلتا، تب تک بچی کی جان جا چُکی تھی۔ میزرووا نے عدالت میں اپنے اس شرمناک جُرم کا اعتراف کر لیا اور اس سارے واقعے کو عملی طور پر بھی کر کے دکھایا۔

(جاری ہے)

میزرووا کو اس موقع پر ایک گُڑیا دی گئی، جسے اس نے گلے سے دبوچ کر بتایا کہ جب اس کی بیٹی کا سانس گلے میں روٹی بھر جانے کی وجہ سے اُکھڑ رہا تھا تب بھی اس نے اپنی بچی کو مضبوطی سے اس کے گلے سے پکڑ رکھا تھا۔ مرزووا نے بتایا کہ جب اسے احساس ہوا کہ بچی کی حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے تو اس نے فوری طور پر اس کے منہ سے منہ جوڑ کر اس کا سانس بحال کرنے کی کوشش کی اور اسے پانی بھی پلایا تاکہ روٹی نرم ہو کر گلے سے نکل کر معدے میں چلی جائے۔

یہاں تک کہ آخری کوشش کے طور پر اس کے گلے سے روٹی باہر نکالنے کا بھی جتن کیا۔ مگر اس کی تمام کوشش بیکار چلی گئیں۔ یہ سارا وقوعہ بدنصیب بچی کا تین سالہ بھائی بھی دیکھ رہا تھا۔ جب خاتون کو بچی کی موت کا یقین ہو گیا تو قانون سے بچنے کی خاطر ظالم ماں نے اپنے بوائے فرینڈ کو بُلایا ۔ دونوں نے صلاح مشورے سے بچے کو ایک تولیے میں لپیٹ کر سپورٹس بیگ میں ڈالا اور پھر اس بیگ کو نامعلوم جگہ پر پھینک دیا گیا۔

ملزمہ نے اپنے جاننے والوں کو یہی بتایا کہ بچی کو اس نے اپنے طلاق یافتہ خاوند کے پاس بھجوا دیا ہے۔ تاہم ایک ہمسائے کو اس پر شک ہو گیا۔ جس نے خاتون سے پوچھ گچھ کی تو بالآخر اس نے اپنے اس گھناؤنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔ ہمسائے نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ جس کے بعد مقدمہ چلایا گیا اور پھر عدالت کی جانب سے رُوسی والدہ کو اس کے سنگین جُرم پر 11سال قید کی سزا سُنا دی گئی۔ 

متعلقہ عنوان :

ماسکو میں شائع ہونے والی مزید خبریں