روسی طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ‘ 19 افراد ہلاک ہو گئے

حادثے کے وقت طیارے میں 2 پائلٹ اور 20 اسکائی ڈائیورز موجود تھے۔ روسی میڈیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 اکتوبر 2021 15:16

روسی طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ‘ 19 افراد ہلاک ہو گئے
ماسکو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اکتوبر 2021ء ) روسی طیارہ دوران پرواز گر کر تباہ ہونے سے 19 افراد ہلاک ہو گئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق طیارے کو حادثہ روس کے علاقے تاتارستان میں پیش آیا ، جہاں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہونے سے 19 افراد ہلاک ہو گئے ، حادثے کا شکار ہونے والے ایل 140 طیارے میں 22 کے قریب افراد سوار تھے۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کے وقت طیارے میں 2 پائلٹ اور 20 اسکائی ڈائیورز موجود تھے جن میں سے 19 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جب کہ 3 افراد زخمی ہیں ، ابتدائی طور پر طیارہ حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا تاہم روسی حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

دوسری طرف چند روز قبل ہی امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر لیک ورتھ میں امریکہ کی بحریہ کا لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ، بحریہ کا ٹی 45 گوشاک طیارہ تربیتی مشن پر تھا کہ ٹیکساس کے شہر لیگ ورتھ میں گر کر تباہ ہو گیا ، حادثے کی وجہ سے طیارے کے 2 پائلٹ اور 3 شہری زخمی ہوئے جب کہ کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ، امریکی حکام نے بتایا کہ اتوار کے روز نیوی کا T-45C گوشاک جیٹ ، ایک تربیتی طیارہ فورٹ ورتھ فوجی اڈے سے تقریباً دو میل (تین کلومیٹر) کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوا ، نیوی کا تربیتی جیٹ فورٹ ورتھ کے قریب ٹیکساس کے ایک محلے کے گھر سے ٹکرایا ، جس کے باعث جھیل ورتھ کے نواحی علاقے میں تین گھروں کو نقصان پہنچا تاہم اس دوران دونوں امریکی فوجی پائلٹوں کو بچالیا گیا جن میں سے ایک کا پیرا شوٹ بجلی کی تاروں میں پھنس گیا تھا جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

ادھر بھارت میں طیارہ پل کے نیچے پھنس گیا ، طیارے کے خریدار نے جہاز کو رکھنے کے لیے ائیرپورٹ کا ہینگر استعمال کرنے کی بجائے گھر کے قریب رکھنا چاہا تھا ،اس مقصد کے لیے طیارے کو ٹرک پر سوار کرایا گیا جو منزل پر پہنچنے سے پہلے ہی پل کے نیچھے پھنس گیا ، دلی ائیرپورٹ کے نزدیک مرکزی شاہراہ پر ٹرک پر لدا یہ بڑا طیارہ پل کے نیچھے سے گزرنے کے دوران اونچائی زیادہ ہو جانے کی وجہ سے پھنسا۔

ماسکو میں شائع ہونے والی مزید خبریں