روسی مسافر طیارے پر دوران پرواز آسمانی بجلی گر پڑی

واقعے کے بعد مسافر طیارے سخوئی سپر جیٹ 100 کی ماسکو ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ، 41 افراد جان کی باز ہار بیٹھے

muhammad ali محمد علی پیر 6 مئی 2019 21:53

روسی مسافر طیارے پر دوران پرواز آسمانی بجلی گر پڑی
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مئی2019ء) روسی مسافر طیارے پر دوران پرواز آسمانی بجلی گر پڑی، واقعے کے بعد مسافر طیارے سخوئی سپر جیٹ 100 کی ماسکو ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ، 41 افراد جان کی باز ہار بیٹھے۔ تفصیلات کے مطابق روس میں ایک مسافر طیارے کو پرواز کے دوران میں آگ لگ جانے اور پھر ہنگامی لینڈنگ کے واقعہ سے 41 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

روس کی قومی فضائی کمپنی ایرو فلاٹ کے ملکیتی مسافر طیارے سخوئی سپر جیٹ 100 کو دارالحکومت ماسکو سے اڑان بھرنے کے بعد پرواز کے دوران میں آگ لگی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے پر دوران پروز آسمانی بجلی گر پڑی تھی جس باعث طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کے بعد طیارے کو ماسکو کے شیر میتیف ہوائی اڈے پر ہنگامی طور پر اتار لیا گیا تھا تاہم تب تک طیارے میں خوفناک آگ لگ چکی تھی۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی فوٹیج کے مطابق ہوائی اڈے پر اترتے وقت مسافر طیارے کا پچھلا حصہ شعلوں کی لپیٹ میں تھا۔

لینڈنگ کے بعد متعدد مسافروں نے طیارے کی ہنگامی کھڑکیوں سے کود کر اپنی جانیں بچائیں۔ تاہم روسی حکام کے مطابق واقعہ میں 41 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ روسی خبررساں ایجنسیوں کے مطابق طیارہ ماسکو سے روس کے شمالی شہر مرمنسک جارہا تھا جب طیارے پر اچانک آسمانی گر پڑی۔

آسمانی بجلی گرنے سے طیارے میں آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے بعد پائلٹ نے طیارے کا رخ واپس ماسکو کی جانب موڑ دیا تھا۔ جب طیارے پر آسمانی بجلی گری، تب اس میں 78 مسافر سوار تھے۔ جبکہ عملہ کے پانچ ارکان بھی طیارے میں سوار تھے۔ روسی حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہے اور وہ اس امر کی بھی تحقیقات کررہے ہیں کہ آیا ہواباز حفاظتی قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کے تو مرتکب نہیں ہوئے تھے۔ فلائٹ راڈار 24 کی اطلاع کے مطابق طیارے نے ہنگامی لینڈنگ سے قبل ماسکو کے گرد دو چکر لگائے تھے اور اس نے متعدد مرتبہ ہوائی اڈے پر اترنے کی کوشش کی تھی تاہم ناکام رہا تھا۔ جب طیارے نے ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی، تب تک کئی مسافر جان کی بازی ہار چکے تھے۔

ماسکو میں شائع ہونے والی مزید خبریں