خانہ کعبہ میں سیلفیاں لینے اور ویڈیو بنانے والے زائرین انتظامیہ کے لیے دردِ سر بن گئے

انتظامیہ کے مطابق اس طرح کے اعمال سے صفائی کارکنان کے کام میں بہت زیادہ رکاوٹ پیدا ہونے لگی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 25 اکتوبر 2019 13:58

خانہ کعبہ میں سیلفیاں لینے اور ویڈیو بنانے والے زائرین انتظامیہ کے لیے دردِ سر بن گئے
مکہ مکرمہ (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر2019ء) حج بیت اللہ اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنا ہر مسلمان کی زندگی کا سب سے بڑا خواب ہوتا ہے۔ ہر سال ایک کروڑ سے زائد لوگ حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے خانہ کعبہ میں حاضری دیتے ہیں۔ مسجد الحرام 24 گھنٹے زائرین اور نمازیوں سے بھری رہتی ہے۔ یقیناً دُنیا کے اس پاکیزہ ترین مقام پر خانہ کعبہ کے صحنوں، راہداریوں، زیریں اور بالائی منزلوں پر صفائی کا عمل انجام دینا ایک چیلنج سے کم نہیں ہے۔

اس حوالے سے خادم حرمین شریفین حج و عمرہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سیکریٹری ڈاکٹر عصام خان جن کا تعلق پاکستان سے ہے، انہوں نے بتایا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے گزشتہ حج سیزن کے دوران 1440 سائنٹفک جائزے تیار کروائے گئے۔ جن میں ایک اہم بات یہ بھی سامنے آئی کہ اکثر زائرین کی جانب سے سیلفیاں لینے اور ویڈیو بنانے کے باعث انتظامیہ ، خصوصاً صفائی کارکنان کو اپنا کام وقت پر نمٹانے میں خاصی دُشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عصام خان کے مطابق خانہ کعبہ میں آنے والے عازمین، معتمرین اور نمازی طواف اور صفا مروہ کی سعی کے دوران دھڑا دھڑ سیلفیاں لینے اور ویڈیوز بنانے میں لگ جاتے ہیں۔ ایسا کرنے سے نہ صرف ان کی اس مقدس زیارت میں خلل پڑتا ہے بلکہ وہاں موجود دوسرے لوگوں کا دھیان بھی اُن کی جانب چلا جاتا ہے جس سے مسجد الحرام کا رُوح پرور ماحول متاثر ہوتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ہر وقت صفائی میں مصروف کارکنان کو بھی اپنا کام نمٹانے میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ زائرین کو اس طرح کی قباحتوں سے گریز کرنا چاہیے۔ خُدا کے گھر میں موجودگی کے وقت اُن کا تمام تر دھیان عبادت اور دُعا کی جانب ہونا چاہیے۔ ڈاکٹر عصام خان نے بتایا کہ مختلف سرویز کے دوران99 فیصد زائرین کی جانب سے مسجد الحرام میں صفائی کے معیار کو بہت عمدہ اور قابلِ تعریف قرار دیا گیا۔

اور صفائی کارکنان کو بھی بہت زیادہ سراہا گیا۔یہاں موجود صفائی کارکنان 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں اپنی ڈیوٹی انجام دیتے ہیں جن میں پاکستانی بھی ایک بڑی تعداد میں شامل ہیں۔ مسجد الحرام میں صفائی کی غرض سے ایک الگ سے ادارہ قائم ہے۔ یہاں کے صفائی کارکنان اپنے فرائض کو ڈیوٹی کی طرح نہیں ، بلکہ ایک مقدس فریضہ اور ثواب کا وسیلہ جان کر بہترین انداز میں نبھاتے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں