مسجد حرام کا نیا توسیع شدہ حصہ تیار، جلد نمازیوں اور زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا

شاہ فہد توسیعی حصے کی پہلی منزل اور چھت تیار کرلی گئی، دروازوں پر 100 دربان مقرر کیے گئے ہیں جو دروازوں کو کھولنے بند کرنے کے علاوہ باب شاہ فہد کی سیڑھیوں کو آپریٹ کریں گے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 ستمبر 2021 13:02

مسجد حرام کا نیا توسیع شدہ حصہ تیار، جلد نمازیوں اور زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا
مکمہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 ستمبر 2021ء ) مسجد حرام کا نیا توسیع شدہ حصہ تیار کرلیا گیا ، جلد نمازیوں اور زائرین کیلئے کھول دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق شاہ فہد توسیعی حصے کی پہلی منزل اور چھت تیار کرلی گئی ہے جب کہ دروازوں پر 100 دربان بھی مقرر کیے گئے ہیں جو دروازوں کو کھولنے بند کرنے کے علاوہ باب شاہ فہد کی سیڑھیوں کو بھی آپریٹ کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ شاہ فہد توسیعی پروجیکٹ کی پہلی منزل اور چھت کو زائرین کے لیے حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ذمہ دار ادارے ’صدارت عامہ برائے امور حرمین‘ کی جانب سے جاری عمرہ سیزن کے دوران بیت اللہ میں نمازیوں اور زائرین کی تعداد میں اضافے کے باعث کیا گیا ، اس سہولت کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو عبادت کے لیے بہترین اورمعیاری خدمات فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں مسجد حرام میں دروازوں کے امور کے ڈائریکٹر فہد المالکی نے بتایا ہے کہ نمازیوں اور عمرہ زائرین کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ، جس کے تحت زائرین کے لیے شاہ فہد توسیعی حصے کی پہلی منزل اور چھت کو بھی تیار کرلیا گیا ہے جب کہ دروازوں پر 100 دربان مقرر کیے گئے ہیں جو دروازوں کو کھولنے بند کرنے کے ساتھ ساتھ باب شاہ فہد کی سیڑھی اور باب 74 اور 83 کی سیڑھی کو آپریٹ کریں گے۔

علاوہ ازیں خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کی روح پرور تصاویر بھی جاری کردی گئیں ، خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کی حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی ہیں ، حرمین شریفین انتظامیہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ تصاویر کے ساتھ بتایا ہے کہ خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کا کام 20 منٹ میں مکمل کیا گیا ، خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کا کام کئی مراحل میں مکمل کیا جاتا ہے ، اللہ کے گھر کی چھت ریکارڈ وقت میں صاف کرائی گئی۔

انتظامیہ نے اپنے ٹویٹ میں یہ بھی بتایا کہ خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کے دوران سب سے پہلے مٹی اور گرد وغبار صاف کیا جاتا ہے ، اس کے بعد غلاف کعبہ ، دیوار اور چھت کے دروازے کی صفائی کا کام جدید مشین کی مدد سے انجام پاتا ہے ، اس مقصد کے لیے جدید آلات منگوائے گئے ہیں تاکہ سنگ مرمر کے معیار کو برقرار رکھا جاسکے۔
اسی طرح خانہ کعبہ کے دروازے اور حجر اسود کے گرد چاندی کے خول کی مرمت اور پالش کا کام انتہائی مہارت سے کرلیا گیا ، حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے مسجد حرام میں خانہ کعبہ کے دروازے اور حجر اسود کے گرد موجود چاندی کے خول کی مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا ، مملکت کے بہترین کاریگروں اور فنی تربیت کی حامل ٹیم سے مرمت کا کام کروایا گیا ، اس دوران کعبہ کے دروازے اور حجر اسود کے خول کی مرمت کے علاوہ پالش کا کام بھی انتہائی مہارت سے کیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں