سعودیہ میں پہلی بار غیرملکیوں کو پراپرٹی میں سرمایہ کاری کی اجازت مل گئی

غیر ملکیوں کو مکہ اور مدینہ کے اندر رئیل اسٹیٹ فنڈز میں سرمایہ کاری کرنے کی اجازت دی گئی ہے

Sajid Ali ساجد علی پیر 8 نومبر 2021 15:57

سعودیہ میں پہلی بار غیرملکیوں کو پراپرٹی میں سرمایہ کاری کی اجازت مل گئی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 نومبر 2021ء ) سعودیہ میں پہلی بار غیرملکیوں کو پراپرٹی میں سرمایہ کاری کی اجازت مل گئی ، اب مملکت میں رہنے والے غیر ملکی مکہ اور مدینہ کے اندر رئیل اسٹیٹ فنڈز میں سرمایہ کاری کرسکیں گے ۔ المرصد اخبار کے مطابق سعودی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے مالیاتی مارکیٹ کے اداروں کے لیے فیصلہ کیا ہے کہ وہ رئیل اسٹیٹ فنڈ میں غیر سعودی سبسکرپشنز کو قبول کرنے کی اجازت دیں جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے شہروں کی حدود میں واقع رئیل اسٹیٹ میں اپنے کچھ حصے یا تمام اثاثوں کی سرمایہ کاری کرنا چاہیں ۔

اس حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹی نے مالیاتی اداروں پر زور دیا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے شہروں کی حدود میں واقع رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے فنڈز کی سرمایہ کاری کا انتظام کرتے وقت یا ان فنڈز کو ختم کرتے وقت غیر سعودیوں کے ملکیتی نظام کی پابندی کریں اور رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کریں ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں اتھارٹی نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ ایک متنوع فنانسنگ چینل کے طور پر مالیاتی مارکیٹ پر انحصار کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی ویژن 2030ء کے ستونوں کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا ، جس کا مقصد سعودی مالیاتی مارکیٹ کو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے پرکشش بنانا ہے اور معیشت کی ترقی اور اس کے ذرائع آمدن کو متنوع بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کے قابل کرنا ہے۔

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس ترین مقامات ہیں ، پاکستانیوں کی بھی یہی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں ان مقدس شہروں میں ہی زندگی گزارنے کا موقع ملے اور یہیں پر دفن ہونے کی سعادت نصیب ہو جائے ، سعودی عرب میں نجکاری کا نیا قانون جس کی منظوری حال ہی میں سعودی کابینہ نے دی تھی میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو مکہ اور مدینہ شہروں کے دائرے میں غیر منقولہ جائیدادیں کرایے پر حاصل کرنے کا موقع دیا گیا ۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں