عمرہ کے سفر کیلئے 4 نکاتی ہدایات جاری

پرواز میں ہمراہ لائے جانے والے سامان سے متعلق ضروری تفصیلات بتادی گئیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 18 ستمبر 2023 15:55

عمرہ کے سفر کیلئے 4 نکاتی ہدایات جاری
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 ستمبر 2023ء ) سعودی عرب نے عمرہ کے سفر کیلئے 4 نکاتی ہدایات جاری کرتے ہوئے پرواز میں ہمراہ لائے جانے والے بیگ سے متعلق ضروری باتیں بتادیں۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اللہ کے پیارے مہمانوں! آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ ہوائی جہاز میں سوار ہونے والے سامان سے متعلق درج ذیل معلومات کو نوٹ کریں؛
(1) موبائل ڈیوائس بیگ کی اجازت ہے
(2) مسافر بیک پیک اور شولڈر بیگ ساتھ لا سکتے ہیں
(3) چھوٹے بیگ قابل قبول ہیں
(4) زائرین کو ہینڈ بیگ لانے کی بھی اجازت ہے
وزارت حج و عمرہ نے اپنی پوسٹ میں بیگز کے سائز سے متعلق بتایا کہ لمبائی 55 سینٹی میٹر، چوڑائی 35 سینٹی میٹر اور گہرائی 25 سینٹی میٹر ہونی چاہیئے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سعودی عرب نے بیرون ملک مقیم مسلمانوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ اگر وہ عمرہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو سرکاری پلیٹ فارم کے ذریعے سفر کے لیے بکنگ کریں جس میں کئی سہولیات موجود ہیں، اس حوالے سے مملکت کی وزارت حج و عمرہ نے اس پلیٹ فارم کے ذریعے عمرہ کی منصوبہ بندی کے فوائد کو اجاگر کیا ہے جسے سرکاری طور پر نسک کے نام سے جانا جاتا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ کی عظیم الشان مسجدالحرام کی زیارت اور عمرہ ادا کرنے کا منصوبہ نسک کے ذریعے داخلے کا ویزہ حاصل کرنے اور مقدس مقام کے قریب واقع ہوٹلوں کی فہرست کے ساتھ ساتھ مدینہ منورہ میں اسلام کے دوسرے مقدس ترین مقام مسجد نبوی ﷺ تک رسائی حاصل کرنے سے شروع ہوتا ہے، نسک کے دیگر فوائد میں 9 زبانوں میں خدمات، عمرہ سروس فراہم کرنے والوں کے ساتھ براہ راست رابطہ اور اسلامی تاریخی مقامات کے لیے ایک گائیڈ بک کی دستیابی شامل ہے۔

وزارتِ حج و عمرہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسجدالحرام آتے وقت خوشبو لگانا، بہترین لباس پہننا، مسجد میں داخل ہونے کی دعا پڑھنا اور داخل ہوتے وقت دایاں پاؤں پہلے داخل کرنا آداب میں شامل ہیں جب کہ پرسکون ماحول اور وقار کو برقرار رکھنا اور مسجد کی صفائی اور پاکیزگی کا خیال رکھنا بھی عظیم الشان مسجد میں آنے کے آداب کا حصہ ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے حکام نے عمرے کا ارادہ رکھنے والے مسلمانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عمرہ ادائیگی کے لیے جسمانی طور پر تیار رہیں، ان اقدامات میں زیادہ مقدار میں خوراک اور ہیوی کھانوں سے پرہیز، زیادہ مقدار میں پانی کا استعمال، عبادات سے پہلے کے دنوں میں چہل قدمی کرنا، وقت پر دوائیں لینا اور جلد کے کھردرے پن یا خشکی سے بچنے کے لیے جسم کو نمی بخشنا شامل ہیں، مزید برآں، عازمین کو گرم پانی سے نہانے اور عمرہ کی رسومات کے موقع پر مناسب نیند لینے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں