سعودی عرب کا مکہ و مدینہ میں 100 تاریخی مقامات کی بحالی کا فیصلہ

دونوں مقدس شہروں میں سیاحت کے فروغ کے لیے ای ٹکٹنگ کا بھی آغاز کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 20 ستمبر 2023 17:29

سعودی عرب کا مکہ و مدینہ میں 100 تاریخی مقامات کی بحالی کا فیصلہ
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 ستمبر 2023ء ) سعودی عرب نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 100 تاریخی مقامات کی بحالی کا فیصلہ کرلیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کا منصوبہ ہے کہ مقدس شہروں مکہ اور مدینہ میں 100 سے زیادہ تاریخی مقامات کو ترقی دی جائے جو کہ دنیا بھر کے لاکھوں مسلمانوں کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل شہر ہیں، اس منصوبے کا انکشاف سعودی وزیر حج و عمرہ توفیق الربیعہ نے مکہ مکرمہ میں ایک تقریب کے دوران کیا۔

مکہ مکرمہ کے حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متعدد شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کی بدولت وزارت ان دونوں شہروں میں تاریخی مقامات کو ترقی دے گی جہاں مسلمان زائرین جاتے ہیں، دونوں مقدس شہروں کی عظیم تاریخ ہے اور مسلمان اس کے بارے میں جاننے کی خواہش رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

توفیق الربیعہ نے کہا کہ ہم اللہ کے مہمانوں کے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے دورے کو بھرپور اور ناقابل فراموش بنانے کے لیے حاجیوں کے تجربات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ہم نے ان سائٹس پر جانے کے لیے ٹکٹوں کی بکنگ کے لیے ایک پلیٹ فارم شروع کیا ہے اور عمرہ کی منصوبہ بندی کرنے والے مسلمانوں کو آن لائن بکنگ کرنے کی ترغیب دی ہے۔

سعودی عرب نے بیرون ملک مقیم مسلمانوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ اگر وہ عمرہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو سرکاری پلیٹ فارم کے ذریعے سفر کی بکنگ کریں جس میں کئی سہولیات موجود ہیں، اس حوالے سے مملکت کی وزارت حج و عمرہ نے اس پلیٹ فارم کے ذریعے عمرہ کی منصوبہ بندی کے فوائد کو اجاگر کیا ہے جسے سرکاری طور پر نسک کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ کی عظیم الشان مسجدالحرام کی زیارت اور عمرہ ادا کرنے کا منصوبہ نسک کے ذریعے داخلے کا ویزہ حاصل کرنے اور مقدس مقام کے قریب واقع ہوٹلوں کی فہرست کے ساتھ ساتھ مدینہ منورہ میں اسلام کے دوسرے مقدس ترین مقام مسجد نبوی ﷺ تک رسائی حاصل کرنے سے شروع ہوتا ہے، نسک کے دیگر فوائد میں 9 زبانوں میں خدمات، عمرہ سروس فراہم کرنے والوں کے ساتھ براہ راست رابطہ اور اسلامی تاریخی مقامات کے لیے ایک گائیڈ بک کی دستیابی شامل ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں