عمرہ زائرین اور حجاج کرام کی سفری سہولت کا منصوبہ

جدہ سے مکہ ڈائریکٹ سڑک کی تعمیر آخری مرحلے میں داخل ہوگئی‘ سفر کا دورانیہ انتہائی کم ہوجائے گا

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 اکتوبر 2023 17:36

عمرہ زائرین اور حجاج کرام کی سفری سہولت کا منصوبہ
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 اکتوبر 2023ء ) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ سے مکہ مکرمہ تک ڈائریکٹ سڑک کی تعمیر آخری مرحلے میں داخل ہوگئی، سڑک بننے پر دونوں شہروں کے درمیان سفر کا دورانیہ انتہائی کم ہوجائے گا، اس سے سب سے زیادہ عمرہ زائرین اور حجاج کرام مستفید ہوں گے۔ سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب کی روڈز جنرل اتھارٹی (RGA) نے جدہ سے مکہ مکرمہ براہ راست سڑک کے آخری مرحلے کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کا 70 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے، صرف 20 کلومیٹر سڑک کا کام باقی ہے جو کہ چوتھا اور آخری مرحلہ ہے، حج اور عمرہ سیکٹر کے اہداف کے حصول میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے جدہ مکہ براہ راست سڑک پر کام جاری ہے۔

بتایا گیا ہے کہ جدہ مکہ براہ راست سڑک کا ہدف عمرہ زائرین اور حجاج کرام کے لیے سڑکوں اور اس کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سفر کے اوسط وقت کو 35 منٹ تک کم کرنا ہے، جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ کو مکہ مکرمہ سے جوڑنے کے علاوہ یہ منصوبہ عمرہ سیزن اور عازمین حج کی نقل و حمل میں بھی سہولت فراہم کرے گا، اس کے ذریعے خاص طور پر الحرمین روڈ پر بھیڑ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ جدہ مکہ براہ راست سڑک کی لمبائی 73 کلومیٹر ہے جس کی چاروں سمتوں میں 4 لین ہیں، سڑک کی تعمیر کے پہلے مرحلے کے دوران 7 کلومیٹر کی لمبائی کے ساتھ 92 فیصد حصہ مکمل ہوا، دوسرے مرحلے میں 93 فیصد کام 19 کلومیٹر کی لمبائی کے ساتھ مکمل کیا گیا جب کہ تیسرے مرحلے میں 100 فیصد کام کی تکمیل 27 کلومیٹر لمبی سڑک سے ہوگی۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں