رش سے بچ کر آسانی سے عمرہ کی ادائیگی کا دن اور وقت بتا دیا گیا

ْعمرے کے لیے بہتر وقت صبح ساڑھی7 سے ساڑھے 10 اور رات 11 سے 2 بجے کا ہوتا ہے،ڈاکٹرتوفیق الربیعہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 26 نومبر 2023 12:35

رش سے بچ کر آسانی سے عمرہ کی ادائیگی کا دن اور وقت بتا دیا گیا
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر 2023ء ) مکہ مکرمہ کی عظیم الشان مسجد الحرام میں رش سے بچتے ہوئے آسانی سے عمرہ کی ادائیگی کا دن اور وقت بتا دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں ان دنوں موسم انتہائی خوشگوار ہے، ان دنوں عمرے کی ادائیگی کے لیے اتوار، منگل اور بدھ کو رش کم ہوتا ہے، ان دنوں میں عمرے کے لیے بہتر وقت صبح ساڑھی7 سے ساڑھے 10 اور رات 11 سے 2 بجے کا ہوتا ہے، رش سے بچنے والے عمرہ زائرین ان اوقات میں پرسکون طریقے سے عمرے کی سعادت حاصل کر سکتے ہیں۔

سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ ائیر لائن کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے، نئی گائیڈ لائنز کا اطلاق براہ راست مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ جانے والے عمرہ زائرین پر نہیں ہوگا، نئے سفری ہدایت نامہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی ائیر لائن میں بذریعہ ریاض یا دیگر شہروں سے مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ جانے والے مسافروں پر وقت کی نئی پابندی کا اطلاق کیا گیا ہے، جس کے تحت مسافروں کو ڈومیسٹک پرواز کیلئے 3 گھنٹے سے کم وقت ائیرپورٹ پر رکنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

نئی گائیڈ لائنز سے معلوم ہوا ہے کہ عمرہ زائرین کو ائیرپورٹ پر 6 گھنٹے سے زائد رکنے کی اجازت نہیں ہوگی، کنیکٹنگ فلائٹ کے ذریعے سفر کرنے والے عمرہ زائرین 6 گھنٹے کے اندر اپنی اگلی پرواز پر سوار ہونے کے پابند ہوں گے، 3 گھنٹے سے کم یا 6 گھنٹے سے زائد اسٹے والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ علاوہ ازیں سعودی عرب نے عمرہ کے سفر کیلئے 4 نکاتی ہدایات جاری کرتے ہوئے پرواز میں ہمراہ لائے جانے والے بیگ سے متعلق ضروری باتیں بھی بتادیں، سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اللہ کے پیارے مہمانوں! آپ کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ ہوائی جہاز میں سوار ہونے والے سامان سے متعلق درج ذیل معلومات کو نوٹ کریں؛
(1) موبائل ڈیوائس بیگ کی اجازت ہے
(2) مسافر بیک پیک اور شولڈر بیگ ساتھ لا سکتے ہیں
(3) چھوٹے بیگ قابل قبول ہیں
(4) زائرین کو ہینڈ بیگ لانے کی بھی اجازت ہے
وزارت حج و عمرہ نے اپنی پوسٹ میں بیگز کے سائز سے متعلق بتایا کہ لمبائی 55 سینٹی میٹر، چوڑائی 35 سینٹی میٹر اور گہرائی 25 سینٹی میٹر ہونی چاہیئے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں