سعودی عرب ، مدینہ منورہ میں پاکستانی اسکول قائم کرانے کا منصوبہ

Sadia Abbas سعدیہ عباس جمعرات 12 اکتوبر 2017 13:51

سعودی عرب ، مدینہ منورہ میں پاکستانی اسکول قائم کرانے کا منصوبہ
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اکتوبر2017ء)  سعودی زرائع اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں متعین پاکستانی سفیر خان ھشام بن صدیق نے اطمینان دلایا ہے کہ وہ مدینہ منورہ میں پاکستانی اسکول قائم کرانے کیلئے کوشاں ہیں۔ جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ اس معاملے میں دلچسپی لے رہا ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل خانہ مملکت میں اپنی کمیونٹی کے مسائل کے حل کا خصوصی دھیان رکھ رہے ہیں۔

دیت ، اموات اور ان جیسے دیگر امور طے کرانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان سے ملاقات کے بعد پاکستانی کمیونٹی سے بات چیت کر رہے تھے۔ سفیر پاکستان نے بتایا کہ گورنر مدینہ منورہ نے ان کا پرجوش خیر مقدم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مدینہ منورہ میں پاکستانی قومی شناختی کارڈ کے اجراء(نادرا) کا دفتر کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ چند ماہ کے دوران اس دفتر کے توسط سے کمیونٹی کو مزید سہولتیں پیش کی جائیں گی۔ پاکستان ہاﺅس میں قائم دفتر کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ حج موسم میں حج مشن کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ عمارت میں اصلاح و مرمت کا جلد اہتمام ہو گا۔ سفیر پاکستان نے کہاکہ سعودی عوام امن پسند ہیں، سوجھ بوجھ کے مالک ہیں، پاکبانوں سے محبت کرتے ہیں۔ سعودی عرب سے پاکستان کے برادرانہ تعلقات نہایت گہرے ہیں۔

یہاں 25لاکھ پاکستانیوں کا قیام اس بات کا روشن ثبوت ہے۔ پاکستانی سعودی عرب کی عزت بھی کرتے ہیں اور اس سے محبت بھی کرتے ہیں۔ حرمین شریفین پر جان چھڑکتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کا حجم 400ملین ڈالر تک پہنچا ہوا ہے۔ ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے بھی کوشاں ہیں۔ سفیر پاکستان نے ہم وطنوں کے مسائل سن کر وعدہ کیا کہ وہ مشکلات ختم کرانے میں تعاون کریں گے۔ سفارتخانے اور قونصل خانے کے دروازے پاکبانو ں کیلئے 24گھنٹے کھلے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر نائب قونصل جنرل محمد سرور، پاکستانی حج مشن کے نائب سربراہ محمد فاروق رشید ، پاک کمیونٹی کی اہم شخصیات ڈاکٹر مجاہد ظفر، سید زاہد علی ، زاہد امین، ڈاکٹر سید انصرام، منیر عابد اور جاوید اقبال بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں