مسجد نبوی میں افطاری دسترخوان کے لیے اجازت ناموں کا اجراء شروع

افطاری کے لیے سالن اور دیگر اضافی اشیاء ساتھ لانے کی ممانعت ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 20 اپریل 2019 11:53

مسجد نبوی میں افطاری دسترخوان کے لیے اجازت ناموں کا اجراء شروع
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اپریل 2019ء) مسجد نبوی میں ماہِ رمضان میں روزہ داروں کو افطار کرانے کے خواہش مندوں کو خصوصی اجازت ناموں کے اجراء کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے روزہ داروں کی افطار کمیٹی کے ڈائریکٹر محمد العمری نے بتایا کہ مسجد نبوی کے اندرونی اور بیرونی صحنوں میں عام لوگوں کی جانب سے روزہ داروں کے لیے افطاری کے خصوصی دستر خوانوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

ان دستر خوانوں کے لیے انتظامیہ سے باقاعدہ طور پر پیشگی اجازت لینا ہوتی ہے۔ خواہش مند حضرات پہلے انتظامیہ کو درخواست دیتے ہیں، پھر اُنہیں لائسنس کا اجراء کیا جاتا ہے۔ اس لائسنس میں شہریوں کو کچھ قواعد و ضوابط کی پابندی کے حوالے سے تاکید کی جاتی ہے۔ اگر کوئی شخص ان کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو تو اس کا لائسنس منسوخ کر دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

محمد العمری کے مطابق اجازت ناموں کے اجراء کا مقصد مسجد کے اندرونی صحنوں میں گنجائش کے مطابق لوگوں کے لیے دستر خوان کی جگہ مخصوص کرنا ہے، تاکہ ضرورت سے زیادہ دسترخوان لگنے پر کھانے کا ضیاع نہ ہو اور نظم و ضبط میں کوئی فرق نہ آئے، جبکہ صفائی سُتھرائی بھی فوری طور پر ہو سکے۔

انہوں نے افطاری کرانے کے خواہش مندوں کو تاکید کی کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور کوئی اضافی اشیاء مسجد کے اندر نہ لائیں۔ اس افطاری کے لیے صرف کھجوریں، لسّی، پانی، قہوہ اور شاریک (ایک مخصوص روٹی) لے جانے کی اجازت ہوتی ہے۔ ان کے علاوہ دیگر اشیاء جن میں سالن بھی شامل ہے، مسجد نبویﷺ کے احاطے میں نہیں لے جاسکتے۔

متعلقہ عنوان :

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں