مدینہ: 2 پاکستانی عمرہ زائرین موت کے منہ میں جانے سے بچ گئے

65 سالہ پاکستانی خاتون کو دِل کا دورہ پڑا جسے فوری طبی امداد دے کر اُس کی جان بچا لی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 جنوری 2020 14:00

مدینہ: 2 پاکستانی عمرہ زائرین موت کے منہ میں جانے سے بچ گئے
مدینہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7جنوری 2020ء) سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے گئے ایک پاکستانی مرد اور پاکستانی خاتون کو بروقت طبی امداد نے موت کے گھاٹ اُترنے سے بچا لیا۔ سعودی ویب سائٹ سبق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں پاکستانی زائرین کو دِل کا دورہ پڑا تھا، جس کے باعث اُن کی دِل کی دھڑکن اور سانسیں کچھ دیر کے لیے رُک گئیء تھیں۔

قریب تھا کہ دونوں کی موت واقع ہو جاتی ، تاہم انہیں فوری طور پر طبی امداد دے کر بچا لیا گیا۔ مدینہ ریجن کے امورِ صحت کے ترجمان موید بِن اُسامہ نے سبق نیوز کو بتایا کہ مسجد نبویﷺ میں موجود 65 سالہ پاکستانی خاتون کو اچانک دِل کا دورہ پڑا جس کی حالت بہت زیادہ بگڑ گئی۔ وہاں پر موجود طبی عملے نے خاتون کی تشویش ناک حالت کے پیش نظر اُسے قریب ہی قائم ایمرجنسی میڈیکل سنٹر میں منتقل کر دیا جہاں پر بے ہوش خاتون کو سی پی آر کے ذریعے ہنگامی امداد فراہم کر کے اس کی جان بچا لی گئی۔

(جاری ہے)

موید بن اُسامہ نے بتایا کہ جس وقت خاتون کو لایا گیا اُس وقت اُس کی نبض کام کرنا چھوڑ گئی تھی اور دِل کی دھڑکن بھی رُکی ہوئی تھی۔ تاہم طبی عملے کی ذمہ داری اور 25 منٹ کی کڑی محنت کے بعد خاتون کی جان بچا لی گئی۔ پاکستانی خاتون کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے، جنہیں اب ایک مقامی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اُن کا علاج جاری ہے۔

اس نوعیت کے ایک اور واقعے میں 75 سالہ پاکستانی بزرگ کو دِل کے اٹیک کے بعد حالت بگڑنے پر فوری طبی امداد د ے کر بچا لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی بزرگ کو جب میڈیکل سنٹر میں لایا گیا اس وقت اُن کی دِل کی دھڑکن بند ہو کی تھی۔ تاہم سی پی آر ٹیکنیک کے ذریعے 20 منٹ کے بعد مریض کی دل کی دھڑکن بحال ہو گئی۔ ان پاکستانی بزرگ کو مزید علاج کے لیے مدینہ منورہ کے جنرل اسپتال بھجوا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مسجد نبوی کے سامنے واقع ایمرجنسی میڈیکل سنٹر 24 گھنٹے کام کرتا ہے اور یہاں پر آنے والے تمام مُلکی اور غیر مُلکی مریضوں کا علاج مفت ہوتا ہے۔حالت سنبھل جانے پر بھی اگر مزید علاج کی ضرورت ہو تو پھر ایسے مریضوں کو شہر کے دیگر سرکاری ہسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔ عمرہ میڈیکل انشورنس کی تحت تمام حاجیوں اور عمرہ زائرین کا علاج بالکل مفت کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں