مسجد نبوی میں زائرین کا درجہ حرارت نوٹ کرنے والے تھرمل کیمرے نصب

یہ جدید تھرمل کیمرے بیک وقت 9 میٹر کی دُوری سے 25 افراد کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کر سکیں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 17 اپریل 2020 14:43

مسجد نبوی میں زائرین کا درجہ حرارت نوٹ کرنے والے تھرمل کیمرے نصب
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 اپریل 2020ء ) مسجد نبوی کی انتظامیہ کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کی خاطر مسجد نبوی میں تھرمل کیمرے نصب کر دیئے گئے ، ان جدید کیمروں کی مدد سے مسجد میں آنے والے نمازیوں اور زائرین کا جسمانی درجہ حرارت جانچا جا سکے گا۔ العربیہ کے مطابق کے مطابق یہ تھرمل کیمرے بیک وقت 25 افراد کے جسم کا درجہ حرارت مانیٹر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ان کی مدد سے نو میٹر کی دوری سے آواز اور تصویر کو محفوظ کیا جا سکتا ہے۔

تصاویر پر مشتمل ڈیٹا ایک ماہ تک محفوظ رکھا جا سکے گا، جسے حسب ضرورت ماہرین کو براہ راست بھیجا جا سکتا ہے۔ان تھرمل کیمروں کی خاصیت یہ ہے کہ مسجد میں آنے والے افراد کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کے بعد اسے کنٹرو ل روم میں موجود مانیٹر پر ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ ساؤنڈ الرٹ بھی جاری کرے گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ موبائل سسٹم پر بھی کسی بھی نمازی کی رپورٹ بھی بھیجی جا سکے گی۔

واضح رہے کہ مملکت میں کورونا مریضوں کی گنتی 6380 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ وفات پانے والوں کی گنتی 83 ہو گئی ہے۔ سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے اب تک 990 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں، خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر لوگوں کی طرف سے احتیاط نہ برتی گئی تو مملکت میں کورونا مریضوں کی گنتی 2لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ مملکت میں کورونا کے زیادہ تر مریض غیر مُلکی ہیں۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایات کے تحت مقامی اور قانونی تارکین وطن کے علاوہ غیر قانونی تارکین کو بھی کورونا وائرس کے علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ کورونا کے پاکستانی مریضوں نے سعودی حکومت کی جانب بہترین علاج مہیا کرنے پر ان کا بہت شکریہ ادا کیا ہے۔ 

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں