”نبی پاک سے محبت ہو تو ایسی ہو“ عشاق نے انوکھی مثال قائم کر دی

حُبِ نبی سے سرشار سعودیوں کے ایک گروپ نے نبی کریم کے مکہ سے مدینہ تک ہجرت کے راستے کا سینکڑوں کلومیٹر سفر پیدل طے کر ڈالا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 30 مارچ 2021 18:11

”نبی پاک سے محبت ہو تو ایسی ہو“ عشاق نے انوکھی مثال قائم کر دی
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 مارچ2021ء) نبی کریمﷺ اس کائنات کے عظیم ترین انسان ہیں، جن سے خود رب نے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے۔ آپ دُنیا بھر کے انسانوں کے لیے رحمة للعالمین بن کر آئے، جہالت کے اندھیروں میں ڈوبی انسانیت کو نیکی، فلاح اور ربی راہ پر گامزن کیا۔ آپ بنی نوع انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا ایک روشن مینارہ ہیں۔ کسی بھی مسلمان کا اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک وہ آپ سے اپنی جان، مال اور تمام رشتوں سے بھی بڑھ کر محبت نہ رکھے۔

ایسے عاشقِ رسول آج کے دور میں بھی بڑی گنتی میں موجود ہیں۔ سعودی عرب میں بھی چند افراد نے ایسی ہی ایک ایمان پرور مثال قائم کر دی۔اُردو نیوز کے مطابق گزشتہ ہفتے سعودی رضاکاروں کا ایک گروہ نبی کریم کے مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ تک ہجرت کے راستے کے سفر پر روانہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

رضا کاروں کی اس ٹیم کی قیادت عبد الحافظ القریقری نے کی جن کے ساتھ عمرو درویش، حسن عبد الشکور اور سمیر براقہ بھی ہیں۔

ہجرت کے راستے پر سفر کرنے والی ٹیم میں دیگر نوجوان بھی شامل تھے جنہوں نے 7 دن اور 8 راتوں میں ہجرت کے راستے پر چل کر سفر طے کیا۔ٹیم نے کہا ہے کہ ’سفر کا آغاز گزشتہ پیر کو غار حرا سے ہوا تھا، وہاں سے شمال کی طرف وادی العویجا گئے، بعد ازاں بدھ کو فجر کے وقت ثول پہنچے جہاں وادی کو عبور کرتے ہوئے خیمہ ام معبد سے ہوتے ہوئے شمال کی طرف ساحل کا رخ کیا‘۔

’وادی ذی دوران کے قریبی علاقے میں قافلہ نبوی کو سراقہ بن جعشم نے پالیا تھا، یہیں رسول اکرم نے سراقہ کو امان نامہ لکھ کر دیا تھا‘۔اگلے دن ٹیم قافلہ نبوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وادی سلیا پہنچی، وہاں سے وادی قربہ، دفینہ اور دفین سے ہوتی ہوئی الکوثر علاقے پہنچی جہاں مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کی گئیں‘۔یہ مسافر گروہ گزشتہ اتوار کو وادج العرج پہنچ گیا تھا۔

جس نے رکوبہ کے علاقے میں مغرب کی نماز ادا کرنے کے بعد یہیں قیام کیا اور پھر سوموار کی صبح مدینے کی جانب چل پڑی تھی بالآخر قافلہ نبوی کے نقش قدم پر چل کریہ گروہ شام کے وقت مدینہ کے علاقے قبا پہنچ گیا تھا۔ جہاں کے لوگوں نے ان کے جذبہ ایمانی کو سراہتے ہوئے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ یوں نبی کریم کے سفر ہجرت کو انہوں نے اپنے اس سفر سے اُجاگر کر کے شاندار مثال قائم کر دی۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں