رمضان میں مرد و خواتین کے روضہ رسولﷺ پر حاضری کا شیڈول جاری

’نسک‘ پلیٹ فارم پر رجسٹریشن لازمی قرار‘ روضہ اطہر پر حاضری گیٹ 37 کے بالمقابل جنوبی صحن سے ہوگی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 22 مارچ 2023 11:04

رمضان میں مرد و خواتین کے روضہ رسولﷺ پر حاضری کا شیڈول جاری
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ2023ء) سعودی عرب نے رمضان المبارک میں مرد و خواتین کے روضہ رسولﷺ پر حاضری کے لیے الگ الگ ٹائم کا شیڈول جاری کردیا، زیارت کے لیے ’نسک‘ پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے جب کہ روضہ اطہر پر حاضری گیٹ 37 کے بالمقابل جنوبی صحن سے ہوگی۔ العربیہ نیوز کے مطابق مسجد نبوی ﷺ کے انتظامی امور کی ذمہ دارجنرل پریذیڈنسی نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے کی آمد کی مناسبت سے تیاریاں تیز کردی ہیں، اس کے تحت ایجنسی نے مسجد نبوی ﷺ میں زائرین اور نمازیوں کے لیے تیار کردہ آپریشنل پلان پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے اور تمام خدمات کو اعلیٰ معیار کے مطابق فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ پریذیڈنسی ایجنسی کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے کے لیے اپنے منصوبے کے تحت مسجد نبوی ﷺ کو 24 گھنٹے زائرین اور نمازیوں کی آمدورفت کے لیے تمام خدمات کے ساتھ تیار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے، رمضان المبارک کے دوران نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر مسجد نبوی ﷺ کی چھت کو بھی نمازیوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری اور وہاں پر نوافل کے اوقات کو "نسک" ایپلی کیشن کے ذریعے منظم کرنے کا کام جاری ہے، روضہ رسول ﷺ پر مرد و خواتین کی حاضری گیٹ نمبر 37 کے بالمقابل جنوبی صحن سے ہوگی، تاہم زائرین کے لیے ’نسک‘پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کو لازمی قرار دیا گیا ہے، روضہ شریف پر یکم رمضان سے 19 رمضان المبارک تک نمازیوں کو جانے کی اجازت ہوگی۔

اس سلسلے میں روضہ اطہر پر حاضری کے لیے مرد و خواتین کے الگ الگ ٹائم کا شیڈول جاری کیا گیا ہے، جہاں مردوں کو رات اڑھائی بجے سے نماز فجر تک اور خواتین کو نماز فجر سے دن گیارہ بجے تک روضہ مبارک پر حاضری کے لیے جانے کی اجازت ہوگی، دن ساڑھے گیارہ سے رات کو نماز عشاء تک مردوں کو روضہ شریف میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی جب کہ اس کے بعد رات دو بجے تک خواتین جا سکیں گی۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں