مسجد نبوی ﷺ میں 5 ضوابط کی پابندی لازمی قرار دے دی گئی

مسجد نبوی ﷺ میں سامان لے جانے کی اجازت نہیں۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے یاد دہانی کرادی

Sajid Ali ساجد علی پیر 28 اگست 2023 10:10

مسجد نبوی ﷺ میں 5 ضوابط کی پابندی لازمی قرار دے دی گئی
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 اگست 2023ء ) سعودی عرب نے مسجد نبوی ﷺ آنے والے زائرین کے لیے 5 ضوابط کی پابندی لازمی قرار دے دی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں سامان کی حفاظت کے لیے پانچ ضوابط کی پابندی کی جائے گی، زائرین اپنا سامان مسجد نبوی ﷺ کے اندر لے جانے سے گریز کریں اور ہر قسم کا سامان باہر ’امانت گھر‘ میں جمع کرایا جائے۔

اپنے ایک بیان میں وزارت حج و عمرہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بڑے سائز کے بیگ مسجد نبوی ﷺ کے اندر لے جانے کی بالکل بھی اجازت نہیں ہے، ایسا سامان مسجد نبوی ﷺ کے صحنوں میں بھی نہیں لایا جاسکتا ہے اور نہ ہی امانت گھر میں رکھوانے کی اجازت ہے، زائرین کی سہولت کے لیے بیرونی صحنوں میں بنائے گئے ’امانت گھر‘ میں چھوٹے سائز کے بیگ ہی جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ مسجد نبویﷺ کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی کی ایجنسی 600 مشینوں اور آلات کے ذریعے صفائی کے کام کی کارکردگی بہتر بنا رہی ہے، یہ مشینیں انسانی نظم و نسق یا مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے ذریعے خودکار طریقے سے چل رہی ہیں، جن کے ذریعے مسجد نبوی ﷺ میں صفائی اور ماحول کو جراثیم سے پاک کرنے کے آپریشن کیے جاتے ہیں، اس مقصد کے لیے یہ مشینیں دن رات چوبیس گھنٹے کام کرتی ہیں تاکہ ماحول دوست مواد استعمال کرکے نمازیوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اسی طرح مسجد نبویﷺ جانے کے لیے استعمال ہونے والے راستوں پر فضا میں خوشبوئیں بکھیرنے کیلئے سمارٹ ڈیوائسز کا استعمال شروع کیا گیا ہے اور مسجد نبوی ﷺ کی طرف جانے والے حجاج کرام کی سڑکوں پر خوشبو کے اسپرے کرنے والے آلات نصب کر دیے گئے ہیں، اس مقصد کے لیے حکام نے ایسے سمارٹ آلات متعارف کرائے ہیں جو اسلام کے دوسرے مقدس ترین مقام مسجد نبوی ﷺ کی طرف جانے والے زائرین کے زیر استعمال سڑکوں پر ہوا میں خوشبو چھڑکیں گے، مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نصب کیے گئے آلات کو مسجد کے شمالی جانب اسٹورز کے قریب بیٹھنے کی جگہ پر بھی نصب کیا گیا ہے۔

متعلقہ ادارے نے کہا ہے کہ یہ اقدام مدینہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے مسجد نبوی ﷺ میں جانے والے نمازیوں اور زائرین کی خدمت کے لیے کیے گئے اقدامات اور انسان دوست شہروں کے منصوبوں کا ایک حصہ ہے جو مقدس مقام کے ارد گرد کے مناظر کو فروغ دینے کی کوششوں کے حصے کے طور پر سامنے آیا ہے، مرکزی علاقے میں لاگو کیے گئے منصوبے درجہ حرارت کو کم کرنے والے مواد اور طریقوں کے استعمال پر مبنی ہیں جیسے کہ سڑکوں کے کنارے درخت لگانا، بیٹھنے کی جگہیں مختص کرنا، فٹ پاتھوں اور پیدل چلنے والے علاقوں کو نان ہیٹنگ ماربل کے ساتھ کوٹنگ کرکے درجہ حرارت کو کم رکھنے کے لیے غیر مجاز گاڑیوں کو داخلے سے روکنا شامل ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ اسی سلسلے میں ہوٹلوں سے براہ راست مسجد نبوی ﷺ تک پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے راستے فراہم کیے گئے ہیں، مزید برآں دن کی روشنی میں مسجد کے شمالی، جنوبی اور مغربی صحنوں میں 245 سے زائد چھتریاں پھیلی ہوئی ہیں، جن میں اسپرے پنکھے لگے ہوئے ہیں تاکہ درجہ حرارت کو ٹھنڈا کیا جا سکے، نمازیوں کو صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے اور انہیں دھوپ سے بچایا جا سکے۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں