سعودی ٹیچر کی انوکھی حرکت اُسے لے ڈُوبی

ٹیچر نے اپنے سٹوڈنٹس کو مُردے کو نہلانے کا تمام تر عمل دکھایا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 5 اپریل 2019 12:21

سعودی ٹیچر کی انوکھی حرکت اُسے لے ڈُوبی
طائف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4 اپریل 2019ء) سعودی مملکت میں ایک سکول میں انٹرمیڈیٹ کلاس کا ٹیچر اچھی خاصی مشکل میں گھِر گیا۔ یہ ٹیچر اپنے سٹوڈنٹس کو ایسے مقام پر لے گیا جہاں مُردوں کو قبر میں دفنانے سے قبل اُنہیں غسل دے کر کفن اوڑھایا جاتا ہے۔ ٹیچر نے اپنے سٹوڈنٹس کو مُردے کو غسل دینے کا یہ سارا عمل دکھایا۔ طائف کے محکمہ تعلیم کے ترجمان عواد الخدیدی نے بتایا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے، اور اس کی رپورٹ جلد از جلد جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ ٹیچر کے خلاف ضروری کارروائی کی جائے۔

اس ٹیچر کی شناخت تو ظاہر نہیں کی گئی تاہم بتایا گیا ہے کہ یہ ٹیچر اپنی شاندار کارکردگی کی بنا ء پر اس بار بہترین کارکردگی کے ایوارڈ کے لیے نامزد تھا۔

(جاری ہے)

تاہم کچھ والدین ٹیچر کی حمایت میں بول پڑے ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ ٹیچر کے اس عمل کا مقصد سٹوڈنٹس کو عملی طور پر ایک سبق سکھانا تھا، جو کہ سکول کے نصاب میں بھی شامل ہے۔ ٹیچر کی یہ سرگرمی کسی طور پر بھی غلط نہیں ہے، اُس نے تو بس نصاب میں شامل مواد کو سٹوڈنٹس کو سمجھانے کے لیے عملی طور پر سمجھایا ہے۔

جبکہ کئی والدین اس واقعے پر طیش زدہ ہیں، اُن کا کہنا ہے کہ جن سٹوڈنٹس کو مُردے کے غسل کے مراحل دکھائے گئے، اُن کی عمر اس سب کے لیے موزوں نہیں تھی۔ تاہم اُنہوں نے بھی یہ تسلیم کیا کہ مُردے کو غسل دینے کا طریقہ اُن کے بچوں کے تعلیمی نصاب کا حصّہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں