سعودیہ میں عرب شہری جعلی ڈاکٹر بن کر خواتین کے وارڈ میں گھس گیا

ملزم طائف کے شاہ فیصل میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹر کا گاؤن پہن کر زچہ و بچہ وارڈ میں داخل ہوا تو مانیٹرنگ روم میں موجود خاتون اہلکار کو اس پر شک ہوا‘ سکیورٹی نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 21 فروری 2022 16:36

سعودیہ میں عرب شہری جعلی ڈاکٹر بن کر خواتین کے وارڈ میں گھس گیا
طائف ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 فروری 2022ء ) سعودیہ میں عرب شہری جعلی ڈاکٹر بن کر خواتین کے وارڈ میں گھس گیا ، طائف کے شاہ فیصل میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹر کا گاؤن پہن کر زچہ وبچہ وارڈ میں داخل ہونے والے غیر ملکی کو گرفتار کر لیا گیا ، ملزم کا تعلق عرب ملک سے بتایا گیا ہے ۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق بہروپیے کی نشاندہی اس وقت ہوئی جب سی سی ٹی وی مانیٹرنگ روم میں موجود ایک خاتون اہلکار کو ملزم کے بارے میں شک ہوا جس پر اس نے فوری سکیورٹی اہلکاروں کو طلب کر لیا جنہوں نے ملزم کو میٹرنیٹی وارڈ سے گرفتار کر لیا ۔

شاہ فیصل میڈیکل کمپلیکس کے ترجمان نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا جب ایک شخص خود کو ہسپتال کا ڈاکٹر ظاہر کرتے ہوئے میٹرنیٹی وارڈ میں جا پہنچا ، سکیورٹی ڈیوٹی پر موجود خاتون اہلکار نے مانیٹرنگ روم سے ملزم کو دیکھا اور شک ہونے پر ہسپتال کے سکیورٹی اہلکاروں کو اس کی اطلاع دی ، جب سکیورٹی اہلکار مزکورہ وارڈ پہنچے تو انہیں دیکھ کر ملزم نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی مگر پکڑا گیا جس کے بعد ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا جہاں اس سے مزید تفتیش کے بعد کیس پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب میں خواتین کا احترام ، ان کی عزت اور وقار لازمی ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے ، اس حوالے سے بہت سخت قوانین نافذ ہیں ، خصوصاً خواتین پر جنسی حملہ کرنے ، ہراسگی کا نشانہ بنانے اور ان کے بارے میں بے ہودہ گفتگو کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جاتی ہے ، ادھر ریاض پولیس نے خواتین کی تصاویر بنانے اور ان کے ساتھ بے ہودہ گفتگو کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جو سعودی شہری ہے اور ایک نجی کمپنی میں سیکیورٹی گارڈ کی خدمات انجام دیتا ہے۔

ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ ریاض کے ایک علاقے میں خواتین کا ایک گروپ سائیکلنگ کر رہا تھا ، جب ان کا گزر اس سکیورٹی گارڈ کے پاس سے ہوا تو ملزم ان پر بے ہودہ فقرے کستا رہا اور اپنے موبائل فون سے ان کی تصاویر بھی بناتا رہا ، ملزم نے کچھ سائیکل سوار خواتین سے بدکلامی بھی کی ، اس واقعے کی شکایت موصول ہونے کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ۔

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں