سعودی لڑکی کے پیٹ سے 2 کلو بال نکال دیئے گئے

20 سالہ لڑکی کو معدے میں شدید تکلیف رہتی تھی، ایکسرے کیے جانے پر بالوں کی موجودگی ظاہر ہوئی، جو کئی سالوں سے درد کا باعث بنے ہوئے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 19 مئی 2020 14:38

سعودی لڑکی کے پیٹ سے 2 کلو بال نکال دیئے گئے
طائف (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19مئی 2020ء) سعودی عرب میں ایک مقامی لڑکی کے پیٹ سے 2 کلووزنی بالوں کا بڑا سا گُچھا برآمد ہوا ہے۔ المرصد اخبار کے مطابق 20 سالہ سعودی لڑکی کئی ماہ سے پیٹ کی شدید درد میں مبتلا تھی۔ والدین کی جانب سے کئی ڈاکٹروں کو دکھایا گیا مگر لڑکی کی تکلیف میں کوئی کمی واقع نہ ہوئی۔ چند روز قبل لڑکی کو دوبار ہ پیٹ میں شدید تکلیف ہوئی تو اس کی حالت بگڑ گئی۔

جس کے بعد اسے فوری طور پر طائف کے کنگ عبدالعزیز سپیشلسٹ ہسپتال کی ایمرجنسی میں منتقل کر دیا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے تکلیف سے چیخ و پکار کرتی لڑکی کو کئی دوائیاں دیں مگر اس کی حالت میں کوئی بہتری نہ آئی۔ جس کے بعد پیٹ کا ایکسرے لیا گیا تو ڈاکٹرز یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ لڑکی کے پیٹ میں بالوں کا ایک بہت بڑا گُچھا موجود تھا ، جس نے اس کے معدے کی تمام جگہ کو گھیر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

یہاں تک کہ خوراک کے گزرنے کی جگہ بھی نہ بچی تھی۔ صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر ڈاکٹرز کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ اگلے چند گھنٹوں میں ڈاکٹر محمد المہدی کی سربراہی میں ڈاکٹر محمد عبدہ، ڈاکٹر محمد الظہرانی اور دیگر ٹیکنیکل عملے کے ساتھ مل کر لڑکی کا آپریشن کیا گیا۔ سرجری کے دوران ڈاکٹرز کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب ان کی توقع سے کہیں بڑھ کر بالوں کا لمبا اور وزنی گُچھا پیٹ سے نکالا گیا۔

جب ا س گُچھے کا وزن کیا گیا تو یہ دوکلو گرام سے بھی زائد نکلا۔ ڈاکٹر محمد المہدی کا کہنا تھا کہ لاکھوں میں سے کوئی ایک آدھ مریض ایسا ہوتا ہے جس کے پیٹ میں بال اُگنا شروع ہو جاتے ہیں، مگر جس رفتار اور مقدار میں اس لڑکی کے پیٹ میں بال اُگے، ایسا بہت کم دیکھنے میں آیا ہے۔ لڑکی کی آنتوں پر بھی بالوں کا یہ گُچھا اس بُری طرح لپٹ گیا تھا جس کی وجہ سے اسے شدید تکلیف ہوتی تھی۔ سعودی لڑکی اور اس کے والدین نے اس بھیانک تکلیف سے نجات دلانے پر ڈاکٹرز کا بہت شکریہ ادا کیا ہے۔ لڑکی کا کہنا تھا کو اسے اس قدر شدید تکلیف سے گزرنا پڑتا تھا کہ یہی لگتا تھا کہ وہ زندہ نہیں بچے گی۔ 
سعودی لڑکی کے پیٹ سے 2 کلو بال نکال دیئے گئے

متعلقہ عنوان :

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں