سعودیہ ؛ طائف میں سنگین خلاف ورزیوں پر مشہور ریسٹورنٹ بند کردیا گیا

ریستوران میں صفائی کے فقدان کے علاوہ غیر معیاری گوشت اور مرغیاں ضبط ہوئی ہیں ، ریستوران کے کچن میں ملازمین کے سونے کے لیے بستر رکھے ہوئے تھے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 نومبر 2021 17:12

سعودیہ ؛ طائف میں سنگین خلاف ورزیوں پر مشہور ریسٹورنٹ بند کردیا گیا
طائف ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 نومبر 2021ء ) سعودی عرب کے شہر طائف میں سنگین خلاف ورزیوں پر مشہور ریسٹورنٹ کو بند کردیا گیا ، ریستوران میں ناصرف صفائی کا فقدان دیکھا گیا بلکہ غیر معیاری گوشت اور مرغیاں بھی ضبط کی گئیں ، ریسٹورنٹ کے کچن میں ملازمین کے سونے کے لیے بستر رکھے ہوئے تھے ۔ اردو نیوز نے سبق ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ طائف میونسپلٹی نے سنگین خلاف ورزیوں پر عشیرہ میں واقع ایک مشہورریسٹورنٹ کو سیل کردیا کیوں کہ متعلہ حکام کے چھاپے کے دوران ریستوران میں صفائی کا فقدان دیکھا گیا جب کہ غیر معیاری گوشت اور مرغیاں بھی ضبط ہوئیں ، صرف یہی نہیں بلکہ ریستوران کے کچن میں ملازمین کے سونے کے لیے بستر پڑے دیکھے گئے ۔

میونسپلٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریسٹورنٹ انتظامیہ نے کچن کے پاس ملازمین کے سونے کے لیے چند چارپائیوں کا انتظام بھی کیا ہوا تھا جو بلدیہ کے ضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے ، اسی طرح ریستوران میں صفائی کا بھی شدید فقدان تھا جہاں کارکنوں میں سے بعض کے پاس صحت کارڈ بھی نہیں تھا ، ان خلاف ورزیوں کی بناء پر ریستوران کو سیل کردیا گیا ہے اور ضبط ہونے والی تمام اشیاء کو تلف کردیا گیا ہے جب کہ ملازمین کو گرفتار کرکے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا اور مزید کارروائی کے لیے مالکان کو بھی طلب کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سعودی عرب کے مقدس شہر مکہ معظمہ کے ایک مشہور ریسٹورنٹ میں اس وقت کھلبلی مچ گئی، جب وہاں کھانا کھانے آئے گاہکوں کی طبیعت اچانک بگڑنے لگی ، کچھ گاہکوں کو قے آنے اور پیٹ میں شدید تکلیف کی شکایت بھی پیدا ہوئی ، جب کہ کچھ گاہک کھانا کھا کر جب گھر گئے تو پھر ان کی حالت بگڑ گئی ، اس واقعے پر ریسٹورنٹ میں آئے دیگر گاہک بھی پریشان ہو گئے اور کھانا چھوڑ کر بھاگ اُٹھے ، حکام نے فوری طور پر ریسٹورنٹ پہنچ کر کھانوں کے نمونے حاصل کر لیے اور ریسٹورنٹ کو بند کرادیا بعد میں ان نمونوں سے پتا چلا کہ یہ کھانا خراب تھا، جس کی وجہ سے لوگوں کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔

مکہ میونسپلٹی کے مطابق فوڈ سیمپلز آنے کے بعد العوالی کے علاقے میں واقع اس مشہور ریسٹورنٹ کو بند کر دیا گیا ہے ، یہ فیصلہ وزیر بلدیات و دیہی امور نے فوڈ سیمپلز تیار کرنے والی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کیا ، جس میں تصدیق کی گئی تھی کہ ریسٹورنٹ میں 18 افراد کی حالت خراب ہونے کی وجہ وہاں پر پیش کئے گئے خراب اور زائد المیعاد کھانے تھے ، اس زہر خورانی سے لوگوں کی طبیعت بگڑی اور کچھ کو ہسپتال جانا پڑا ، یہ سب ان کی زندگیوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔

اس تحقیقاتی رپورٹ کے بعد انتظامیہ نے اس مشہور ریسٹورنٹ کو ایک ماہ کے لیے بند کر دیا ہے ، ریسٹورنٹ پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے اور اس کی مقامی اخبارات میں تشہیر بھی ہوتی رہے گی ، ریسٹورنٹ کے داخلی دروازے پر ایک وارننگ نوٹس بھی چسپاں کیا گیا ہے، جس کے مطابق اس ریسٹورنٹ کو زہر خورانی کے واقعے پر سِیل کیا گیا ہے اور اگلے ایک ماہ تک اسے بند ہی رکھا جائے گا۔

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں