سعودی عرب کے شہر طائف کے ایک شاپنگ مال میں ناقابل یقین واقعہ

نامعلوم نوجوان نے سرعام برقعہ پوش لڑکی کو تشدد کا نشانہ بنایا، ویڈیو وائرل ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 نومبر 2020 14:36

سعودی عرب کے شہر طائف کے ایک شاپنگ مال میں ناقابل یقین واقعہ
طائف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،20 نومبر2020ء ) سعودی عرب میں اکثر خواتین پر تشدد کے واقعات کی خبریں سامنے آتی رہتی ہیں۔ اگرچہ موجودہ ولی عہد محمد بن سلمان نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے انقلابی اقدامات اُٹھائے ہیں اور انہیں مختلف شعبوں میں لاکھوں نوکریاں دے کر خود کفیل بنایا جا رہا ہے۔تاہم سعودی خواتین کی بڑی گنتی ابھی تک روایت پرستی کے ماحول میں جکڑی ہوئی ہے۔

جنہیں کئی بار بھرپور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ سعودی شہر طائف کے ایک شاپنگ مال میں بھی ایک لڑکی پر تشدد کا واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ سعودی اخبار المرصد کے مطابق ٹویٹر پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں ایک کالی جیکٹ اور جینز میں ملبوس نوجوان کسی عبایہ پوش لکڑی کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیومیں نوجوان کو لڑکی کو دھکے دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔

جبکہ شاپنگ کے لیے آئے لوگ یہ سارا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھتے رہے۔ لڑکی نے بھی اس نوجوان کے خلاف بھرپورمزاحمت کی مگر وہ اسے دھکے دیتا رہا۔ تاہم تھوڑی دیر بعد موقع پر موجود کچھ سعودی مرد آگے بڑھے اور لڑکی کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے نوجوان کو پرے ہٹا دیا۔ بظاہر لگتا ہے کہ متاثرہ لڑکی اور نوجوان ایک دوسرے کو جانتے ہیں تاہم ان کے درمیان رشتے کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی۔

تشدد کرنے والا نوجوان بھی سعودی معلوم ہوتا ہے۔ شاپنگ مال کی اس ویڈیو میں تمام لوگوں نے ماسک پہن رکھے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ واقعہ تازہ تازہ پیش آیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے پولیس کو بھی یہ ویڈیو ٹیگ کر کے تشدد کے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی درخواست کی ہے اور نوجوان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ریاض کے ایک تفریحی مقام پر بھی چند سعودی نوجوانوں نے ایک سعودی لڑکی سے چھیڑ چھاڑ کی تھی اور پھر اسے تشدد کا نشانہ بنانے کی بھی کوشش کی۔ پولیس نے اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے پر شرپسند نوجوانوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ 

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں