سعودیہ میں سرکاری ملازمین کے لیے شاندار مراعات کا اعلان کر دیا گیا

سرکاری ملازم زخمی یا بیمار ہونے کی صوت میں ڈیڑھ سال تک چُھٹی پر رہ سکتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 8 اپریل 2019 11:26

سعودیہ میں سرکاری ملازمین کے لیے شاندار مراعات کا اعلان کر دیا گیا
طائف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8 اپریل 2019ء) سعودی وزارت شہری خدمات نے چھٹیوں کے حوالے شاندار خوش خبری دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اگر کوئی سرکاری ملازم بیمار ہو جائے یا ڈیوٹی کے دوران زخمی ہو جائے تو پھر اُسے 18 ماہ تک کی چھُٹی مِل سکتی ہے اور تنخواہ میں کسی قسم کی کٹوتی نہیں ہو گی۔ مقامی اخبار المدینہ کی جانب سے اس حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اگر کسی سرکار ملازم کو ملازمت کرتے چار برس کا عرصہ گزر چکا ہو تو اُسے دو سال تک کے لیے بیماری کی چھُٹی مل سکتی ہے۔

ایسی صورت میں پہلے چھ ماہ مکمل تنخواہ مِلے گی، اگلے چھ ماہ آدھی تنخواہ اور باقی کے 12ماہ میں کُل تنخواہ کی ایک چوتھائی رقم مِلے گی۔ رپورٹ کے مطابق اگر کسی ملازم کی میڈیکل رپورٹ سے اُس کے کسی خطرناک مرض میں مبتلا ہونے کی نشاندہی ہو تو ایسی صورت میں اسے ایک برس تک مکمل تنخواہ مِلے گی، اگلے 6ماہ تک نصف تنخواہ اور مزید 6ماہ تک ربع تنخواہ پر چھٹی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح اگر کوئی ملازم ڈیوٹی کے دوران زخمی ہوجائے یا عارضی طور پر ڈیوٹی انجام دینے سے قاصر ہو اور اُس کی بیماری یا زخم ڈیوٹی کے دوران ہی ہوا تو ایسی صورت میں اُسے ڈیڑھ برس تک مکمل تنخواہ کے ساتھ چھٹی مل سکتی ہے۔ اگر کوئی مریض یا زخمی ملازم ڈیڑھ برس تک ملازمت کے دوران پُوری طرح ٹھیک نہ ہوتو پھر اس کا معاملہ جنرل میڈیکل بورڈ کو پیش کیا جائیگا جو اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ کیا وہ واقعی ڈیوٹی سے قاصر ہے۔ اور کیا اس کی چھٹی میں ایک یا ایک سے زیادہ بار توسیع کی جاسکتی ہے۔لیکن دُوسری بار کی یہ توسیع ڈیڑھ برس سے زیادہ کی نہیں ہو گی۔اور اس توسیعی مُدت کے دوران بھی اسے نصف تنخواہ دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

طائف میں شائع ہونے والی مزید خبریں