عجمان:ماں کی جانب سے دُوسری منزل سے پھینکا گیا تین سالہ بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا

رہائشی عمارت کے پاس سے گزرنے والے راہگیر نے بچے کو کیچ کر لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 جنوری 2019 13:16

عجمان:ماں کی جانب سے دُوسری منزل سے پھینکا گیا تین سالہ بچہ معجزانہ طور پر بچ گیا
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری 2019ء) النُعیمیہ کے علاقے میں واقع ایک رہائشی بلڈنگ کی دُوسری منزل کے اپارٹمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ رات کے وقت واشنگ مشین میں ہونے والے شارٹ سرکٹ کے باعث ہونے والی آتش زدگی نے دیکھتے ہی دیکھتے پُورے اپارٹمنٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ماں نے صورتِ حال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے اپنے تین سالہ بچے کو دُوسری منزل سے نیچے پھینک دیا۔

تاہم بلڈنگ کے نیچے کھڑے ایک راہگیر نے تیز رفتاری سے نیچے آتے بچے کو اپنے ہاتھوں میں بڑی مہارت سے کیچ کر لیا۔ جس کے باعث بچہ اپنی یقینی موت سے بچ گیا۔ اس کے بعد عورت اوراُس کے خاوند نے بھی بڑھتی ہوئی آگ کی زد سے محفوظ رہنے کے لیے اُونچائی سے چھلانگ ماری۔ جس کے باعث وہ زمین پر گر کر شدید زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

جنہیں فوری طور پر خلیفہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو عملے نے فوری طور پر پہنچ کر اپارٹمنٹ میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا جس کے باعث اُس میں موجودایک ہی خاندان کے سات افراد کی جانیں بچا لی گئیں۔ واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے عجمان فائر اسٹیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیفٹینٹ کرنل راید الزابی نے بتایا کہ اُنہیں رات کے وقت ایک کال موصول ہوئی کہ ایک بلڈنگ میں آگ بھڑک اُٹھی ہے۔ جس پر فوری طور پر فائر فائٹرز اور ریسکیو عملے کو روانہ کر دیا گیا۔

آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا گیااور بلڈنگ میں پھنسے افراد کو باہر نکال لیا گیا۔ الزابی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کوریڈورز اور ایمرجنسی ایگزٹس پر سامان کا ڈھیر نہ لگایا کریں، تاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں اُن کے باہر نکلنے کا راستہ بند نہ ہو سکے۔ جبکہ اپنی الیکٹریکل اور الیکٹرانک ڈیوائسز کی حالت ٹھیک رکھیں تاکہ آتش زدگی سے محفوظ رہ سکیں۔

متعلقہ عنوان :

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں