امارات میں مقیم پاکستانی ’ڈریم ہوم‘ جیت گیا

عجمان کے رہائشی کا غیر متوقع بڑی جیت پر اظہار تشکر‘ عمرہ کرنے کا ارادہ کرلیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 جنوری 2024 16:37

امارات میں مقیم پاکستانی ’ڈریم ہوم‘ جیت گیا
عجمان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 11 جنوری 2024ء ) متحدہ عرب امارات میں ایک پاکستانی شہری نے 'ڈریم ہوم' جیت لیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق عجمان میں رہائش پذیر نعمان خان غیر مانوس نمبروں سے کال موصول ہونے پر انتہائی محتاط رہتے ہیں اور ان کی چوکسی اس وقت عروج پر پہنچ گئی جب ایک کال کرنے والے نے انہیں 'ڈریم ہوم' کا فاتح قرار دیا، پاکستانی شہری پہلی کال کے دوران شکوک و شبہات کا شکار رہا جس نے اسے الانصاری ایکسچینج کی ونٹر پروموشن 2023ء سکیم کا فاتح ہونے کی اطلاع دی۔

پاکستانی شہری نے بتایا ہے کہ "میں ایک آئی ٹی پروفیشنل ہوں، میں آئی ٹی آرکیٹیکچر، اے آئی اور کلاؤڈ انوویشن کے امور سرانجام دیتا ہوں اور بڑے پیمانے پر ہونے والے گھپلوں سے واقف ہوں، ایک روز میں گھر سے کام کر رہا تھا کہ مجھے پہلی کال آئی جس کو میں نے یہ سوچ کر اہمیت نہ دی کہ یہ ایک فراڈ ہو سکتا ہے لیکن مجھے ایک بار پھر لینڈ لائن کے ذریعے کال آئی اور اس بار میرے فون کی سکرین پر کمپنی کا نام بھی دکھائی دیا، اس کے باوجود میں اس انعام کی قانونی حیثیت کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کا شکار تھا اس لیے فون کرنے والے سے اچھی طرح سے پوچھ گچھ کی، جس پر مارکیٹنگ ایگزیکٹو نے مجھے یقین دلانے کیلئے ضروری تفصیلات فراہم کیں اور سوشل میڈیا پر ثبوت بھی پیش کیے"۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ "ہر چیز کی تصدیق کرنے کے بعد ہی میں نے اپنی اہلیہ کے ساتھ یہ ناقابل یقین خبر شیئر کی کیوں کہ مجھے اچھے کاموں، انسانیت اور دوسروں کی مدد کرنے سے حاصل ہونے والی برکات پر یقین ہے، میں اس انعام کے لیے الانصاری ایکسچینج کا بہت مشکور ہوں، ایسے وقت بھی آئے جب میں ان کی شاخوں میں سیلز ایگزیکٹیو کے ساتھ ہنسی مذاق میں پوچھتا تھا ’میں کب جیتوں گا؟‘ جس پر وہ جواب دیتا 'تم امید رکھو وہ دن آئے گا' اور اب واقعی میں جیت گیا جس پر شکر گزاری اور برکت حاصل کرنے کے لیے میں عمرہ کرنا چاہتا ہوں"۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں