متحدہ عرب امارات میں ڈکیتی کی بڑی واردات کے بعد ڈکیت چند ہی گھنٹوں میں دھر لیے گئے

اماراتی پولیس نے لاکھوں درہم مالیت کے زیورات اور کیس کی ڈکیتی میں ملوث ڈکیتوں کو شارجہ اور عجمان میں 3 مختلف چھاپوں کے دوران گرفتار کر لیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 8 جولائی 2023 03:36

متحدہ عرب امارات میں ڈکیتی کی بڑی واردات کے بعد ڈکیت چند ہی گھنٹوں میں دھر لیے گئے
عجمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی2023ء) متحدہ عرب امارات میں ڈکیتی کی بڑی واردات کے بعد ڈکیت چند ہی گھنٹوں میں دھر لیے گئے، اماراتی پولیس نے لاکھوں درہم مالیت کے زیورات اور کیس کی ڈکیتی میں ملوث ڈکیتوں کو شارجہ اور عجمان میں 3 مختلف چھاپوں کے دوران گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے علاقے عجمان میں واقع ایک گولڈ شاپ میں ہونے والی بڑی ڈکیتی کے بعد پولیس نے تیز ترین کاروائیوں کے ذریعے ڈکیتوں کو جلد ہی دبوچ کر مثال قائم کر دی۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عجمان پولیس کو گولڈ شاپ میں ہوئی ڈکیٹی کی اطلاع ملی تو ڈکیتوں کو دبوچنے کیلئے فوری ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس کے مطابق گولڈ شاپ میں موجود الارم بل نہ بجنے کی وجہ سے پولیس کو ڈکیتی کی بروقت اطلاع نہ مل سکی۔

(جاری ہے)

ڈکیتی کی واردات کے دوران 3 ڈکیٹ 11 لاکھ درہم مالیت کے زیورات اور 40 ہزار درہم کی رقم لوٹ کر فرار ہوئے۔

پولیس نے واردات کی تفصیلات فوری اکٹھا کرنے کے بعد ڈکیتوں کی تلاش شروع کی، اس دوران مفرور ڈکیتوں نے متعدد طریقوں سے پولیس کو چکما دینے کی کوشش کی۔ اس کے باوجود پولیس نے ڈکیتوں کا پیچھا نہ چھوڑا۔ ایک ڈکیت شارجہ پولیس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد جلد ہی اس کا دوسرا ساتھی بھی عجمان سے گرفتار کر لیا گیا۔ 2 ڈکیتوں کی گرفتاری کے بعد اس گروہ کا سرغنہ بھی جلد ہی عجمان کے انڈسٹریل ایریا سے عجمان پولیس کی گرفت میں آ گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے تینوں ڈکیت عربی ہیں اور انہوں نے 11 لاکھ درہم مالیت کی زیورات اور 40 ہزار درہم کی رقم چرانے کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس نے مطابق تینوں ڈکیتوں کی گرفتاری واردات کے 12 گھنٹے کے اندر ہی عمل میں لائی گئی۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں