امارات میں کارکن نے رقم کے جھگڑے پر روم میٹ کو قتل کردیا

پولیس نے چکمہ دینے کیلئے مسلسل جگہیں تبدیل کرنے والے ایشیائی شہری کو واردات کے 6 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 6 جون 2023 12:58

امارات میں کارکن نے رقم کے جھگڑے پر روم میٹ کو قتل کردیا
عجمان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جون 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں کارکن نے رقم کے جھگڑے پر روم میٹ کو قتل کردیا، پولیس کی عجمان جنرل کمانڈ نے جرم کے چھ گھنٹے کے اندر قتل کے ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی، ملزم کی شناخت ایشیائی شہری کے طور پر ہوئی، جو الکرامہ کے علاقے میں پولیس سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق عجمان پولیس میں تحقیقاتی اور مجرمانہ تحقیقات کے شعبے کے ڈائریکٹر کیپٹن احمد سعید النعیمی نے بتایا ہے کہ آپریشن روم کو ایک تکلیف دہ کال موصول ہوئی جس میں عجمان کے صنعتی علاقے میں واقع مزدوروں کی رہائش گاہ کے ایک کمرے سے بدبو آرہی تھی، کال کا جواب دیتے ہوئے پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور تفتیش شروع کردی، کمرے میں داخل ہونے اور مکمل تلاشی لینے کے بعد افسران کو ایک لاش ملی، جس کے بعد جائے وقوعہ کو محفوظ بنایا گیا اور متعلقہ حکام اور فرانزک ماہرین کو شواہد اکٹھے کرنے اور متاثرہ کی باقیات کا جائزہ لینے کے لیے طلب کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متوفی کی عمر 60 سال کے قریب ہے یہ بھی ایک ایشیائی باشندہ تھا، گواہوں کی شہادتوں کی بنیاد پر تفتیش کاروں نے بیس سال کے ایک مشتبہ شخص کی تلاش شروع کی جو متاثرہ کے ساتھ رہتا تھا، ملزم نے امارات کے مختلف علاقوں میں جا کر گرفتاری سے بچنے کی کوشش کی، ایک جگہ نہ رہ کر اس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الجھانے کی کوشش کی، تاہم عجمان پولیس الکرامہ کے علاقے میں کچھ ہی دیر میں مشتبہ شخص کو تلاش کرنے اور اسے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی، دوران تفتیش ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ اس کے اور متاثرہ کے درمیان شدید نوعیت کا جھگڑا ہوا، مقتول پر لکڑی کی چیز سے حملہ کرنے سے پہلے اس پر چاقو سے وار کیا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی، جرم کے محرک کی شناخت مالی تنازعہ کے طور پر کی گئی، جس میں ملزم کی زبانی بدسلوکی اور متاثرہ کے خاندان کی بدنامی تھی، پبلک پراسیکیوشن نے تحقیقات کا چارج سنبھال لیا ہے، ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثنا عجمان پولیس میں تفتیشی اور مجرمانہ تحقیقات کے شعبہ کے ڈائریکٹر نے تفتیشی ٹیم کی جانب سے دکھائی گئی غیر معمولی مہارت کو سراہا، انہوں نے عوام کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مجرمانہ سرگرمیوں یا خلاف ورزیوں میں ملوث کسی بھی فرد کی فوری اطلاع دیں، عجمان پولیس ملک کی سلامتی اور اس کے شہریوں اور رہائشیوں کی فلاح و بہبود کے لیے چوکس اور وقف ہے۔

عجمان میں شائع ہونے والی مزید خبریں