دُبئی: بھارتی شہری نے چار سالہ بچہ اغوا کر لیا

بچے کی خالہ کی جانب سے شور مچانے پر بھارتی نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 7 مئی 2019 14:34

دُبئی: بھارتی شہری نے چار سالہ بچہ اغوا کر لیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 6 مئی 2019ء) پولیس نے ایک بھارتی شہری کو غیر مُلکی بچے کے اغوا کی مذموم حرکت پر گرفتار کر لیا ہے۔ عدالت میں سماعت کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ چار سالہ عرب بچہ اپنی رہائشی بلڈنگ میں بنے پارک میں کھیل رہا تھا۔ اُس کی آنٹی بھی پارک میں موجود تھی۔ آنٹی کی تھوڑی دیر کے لیے بچے سے نظریں ہٹیں تو وہاں موجود 32 سالہ بھارتی شہری اُسے اپنے ساتھ لے کر چل پڑا۔

بچے نے جونہی خود کو کسی اجنبی کے پاس محسوس کیا تو وہ زور زور سے رونے چِلانے لگا۔ جس پر ملزم نے اُس کی آواز بند کرنے کے لیے اُس کا منہ زور سے اپنے سینے میں دبا لیا۔ تاہم خالہ نے جب بچے کو آس پاس نہ پایا تو پریشان ہو کر دائیں بائیں نظر دوڑائی تو اُسے ملزم بچہ لے کر تیز تیز قدموں سے وہاں سے فرار ہوتا دکھائی دیا۔

(جاری ہے)

خالہ نے اس پر بھارتی شہری کا پیچھا کیا اور اُس کے پاس پہنچ کر شور مچا دیا۔

موقع پر لوگوں کے اکٹھے ہونے سے ملزم پریشان ہو گیا۔ افریقی مُلک تیونس سے تعلق رکھنے والی بچے کی 34 سالہ خالہ نے بتایا کہ وہ شام 7 بجے وہ اپنی رہائشی بلڈنگ کے باہر بنے پارک میں اپنے چار سالہ بھانجے اور 3 سالہ بھانجی کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھی۔ اُس کا بھانجا پارک کے پاس ہی سڑک پر سائیکل چلا رہا تھا۔ اچانک اُس نے دیکھا کہ ایک شخص بچے کو سائیکل سے اُٹھا کر اپنے ساتھ لے جانے لگا۔

جب خاتون نے شور مچایا تو ملزم رُکنے کی بجائے اور تیز بھاگنے لگا۔ قریب موجود ایک سیکیورٹی گارڈ نے بھی ملزم کا پیچھا کرنا شروع کر دیا۔ جب وہ دونوں ملزم کے قریب پہنچے تو ملزم نے پریشان ہو کر بچہ چھوڑ دیا اور وہاں سے فرار ہو گیا۔ تاہم خاتون نے اس دوران ملزم کی اپنے موبائل سے فوٹو کھینچ لی تھی جس کی مدد سے پولیس نے اُسے گرفتار کر لیا۔ ملزم نے اپنے خلاف عائد الزامات کو درست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ واقعہ 21 فروری 2019ءکو پیش آیا تھا جس کی رپورٹ البرشا پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی تھی۔ عدالت کی جانب سے اس مقدمے کا فیصلہ 21 مئی 2019ءکو سُنایا جائے گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں