دُبئی میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تجدید بلا معاوضہ ہو گی

یہ سہولت اُن ڈرائیورز کے لیے ہے جو ٹریفک ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب نہیں ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 18 مئی 2019 13:29

دُبئی میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تجدید بلا معاوضہ ہو گی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،18 مئی 2019ء) دُبئی پولیس کی جانب سے خوشخبری سُنائی گئی ہے کہ گاڑی مالکان اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تجدید اب ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی کے بغیر کرا سکیں گے۔ یہ رعایت دُبئی پولیس کی جانب سے رواں سال 6 فروری سے شروع ہونے والی ٹریفک جرمانوں میں رعایتی سکیم کے تحت دی جا رہی ہے۔ دُبئی پولیس کے سربراہ میجر جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے بتایا ”اس سلسلے میں ہم نے روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے اشتراکِ عمل کیا ہے۔

جس کے تحت عوام اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن خود کار طریقے سے کرا سکیں گے، قطع نظر اس بات کے کہ اُن پر جرمانوں کی رقم کتنی ہو چکی ہے، یا یہ جرمانے کتنے پُرانے ہیں، یا اُن کی گاڑیاں ضبط شدہ ہیں، یا وہ کسی اور ٹریفک ضابطے کے مرتکب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس رعایتی سکیم کے تحت وہ لوگ جو 6 فروری سے لے کر اگلے تین ماہ تک کسی ٹریفک ضابطے کی خلاف ورزی نہیں کریں گے، اُنہیں اُن پر عائد ٹریفک جرمانوں کی رقم میں 25 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔

جب کہ وہ لوگ جو چھ مہینے تک کسی ٹریفک خلاف ورزی کے مرتکب نہ پائے گئے، اُنہیں ٹریفک جرمانوں میں پچاس فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ جبکہ نو ماہ تک کوئی ٹریفک خلاف ورزی نہ کرنے والوں کو جرمانوں میں 75 فیصد کی رعایت دی جائے گی۔ اور سب سے بڑا انعام اُن کے لوگوں کے لیے ہے جو پُورے ایک سال تک یعنی 6 فروری 2019ءسے 6 فروری 2020 ءتک کسی خلاف ورزی کا ارتکاب نہیں کریں گے۔

ان لوگوں کو جرمانوں میں 100 فیصد کی شاندار رعایت دی جار ہی ہے۔تاہم یہ رعایت دیگر اماراتی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ڈرائیورز کی لیے نہیں ہے، یا پھر وہ لوگ جن پر روڈز ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے دیگر نوعیت کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں، اُنہیں اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تجدید کروانے کے لیے ان جرمانوں کو کلیئر کروانا ہو گا۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں