دُبئی میں اسکول بسوں کے ڈرائیور کی اکثریت غیر ذمہ دار ثابت ہو گئی

ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی انسپکشن مہم کے دوران 538 ٹریفک خلاف ورزیاں سامنے آ چکی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 5 نومبر 2019 14:41

دُبئی میں اسکول بسوں کے ڈرائیور کی اکثریت غیر ذمہ دار ثابت ہو گئی
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5 نومبر 2019ء) دُبئی میں اسکول بسوں کے ڈرائیور انتہائی غیر ذمہ دار ثابت ہوئے ہیں جو بس میں سوار بچوں کی جان کو بھی دھیان میں نہ رکھتے ہوئے مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں۔اکثر بس ڈرائیوروں کی غفلت کی وجہ سے بس میں بچے سوئے رہ جاتے ہیں، اور شدید گرمی اور حبس کے باعث ان کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔

دُبئی روڈزاینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے حالیہ دِنوں سکول بسوں کی انسپکشن مہم چلائی جا رہی ہے، اس مہم کے تحت 50 سکولوں میں موجود 917 بسوں کا سروے کیا گیا تو ٹریفک قانون کی 538 خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ یہ انسپکشن اتھارٹی کی جانب سے اُس سالانہ چیکنگ مہم کا حصّہ ہے جس میں اُن سکولوں کی بسوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جو گزشتہ تعلیمی سال کے دوران بڑے پیمانے پر چھوٹے بڑے ٹریفک حادثات یا قانون کی خلاف ورزیوں کی مرتکب پائی گئی تھیں۔

(جاری ہے)

ان خلاف ورزیوں میں غیر ذمہ داری، بس پرمٹ کو مخصوص جگہ پر نہ چپکانا، اور بس ڈرائیورز کی جانب سے غفلت اور بے احتیاطی سے ڈرائیونگ کرنا ہے۔اس نگرانی مہم کے دوران بسوں میں موجود خواتین اٹینڈنٹ کی چیکنگ بھی کی گئی کہ کیا اس ملازمت کے لیے وہ لائسنس یافتہ ہیں، اور کیا ڈرائیورز سیفٹی رولز کی پابندی کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ دُبئی میں سکول ٹرانسپورٹ کا شعبہ پُوری طرح حکومت کی نگرانی میں ہے ۔

روڈز اینڈ اتھارٹی کی جانب سے بسوں میں سفر کرنے والے طالب علموں اور طالبات کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے، جس کے باعث اسکول بسوں کے ڈرائیورز کو قانون کا پابند بنانے میں کافی کامیابی حاصل ہوئی ہے، تاہم ابھی اس حوالے سے بہت سا کام کرنا باقی ہے۔ تاکہ سکول جانے اور واپس آنے والے بچوں کو دورانِ سفر کوئی مہلک حادثہ پیش نہ آئے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں