دُبئی: کورونا وائرس سے متعلق سرکاری احکامات کا مذاق اُڑانے والا نوجوان گرفتار

یورپی نوجوان نے پابندی کے باوجود ساحل سمندر پر جا کر ویڈیو بنائی جس میں احکامات کی خلاف ورزی کرنے پرفخرکا اظہار کیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 23 مارچ 2020 12:31

دُبئی: کورونا وائرس سے متعلق سرکاری احکامات کا مذاق اُڑانے والا نوجوان گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23مارچ 2020ء) متحدہ عرب امارات میں تمام عوامی و تفریحی مقامات کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کو سامنے رکھتے ہوئے بند کر دیئے گئے ہیں، ان میں ساحل سمندر بھی شامل ہیں۔ تاہم ایک غیر ملکی منچلا نوجوان حکومتی احکامات اور پابندی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے دُبئی کے ساحل سمندر پر پہنچ گیا۔ اس نے صرف اتنی ہی خلاف ورزی نہیں کیا، بلکہ ساحل سمندر پر کھڑے ہو کر اپنی ایک ویڈیو بھی بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔

یورپی نوجوان اپنی اس ویڈیو میں سرعام اماراتی حکام کی کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اور پابندیوں کا مذاق اُڑاتا رہا اور سرکاری احکامات کی خلاف ورزی پر فخر کا اظہار بھی کرتا رہا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل آیا اور اس ویڈیو کو دُبئی پولیس ڈیپارٹمنٹ کو ریفر کر دیا۔

(جاری ہے)

دُبئی پولیس نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے اور پٹرولنگ پولیس کا مذاق اُڑانے والے اس شیخی باز نوجوان کی نشاندہی کرنے کے بعد اسے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق یہ نوجوان ایک یورپی ملک سے تعلق رکھتا ہے۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ اس نوجوان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اگلے چند روز میں اسے عدالت میں پیش کر کے اس کی خلاف قانون حرکت پر مقدمہ چلایا جائے گا۔ پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جو شخص بھی کورونا وائرس سے متعلق حکومتی پابندیوں اور احکامات کی خلاف ورزی کرے گا اسے سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی حکومت نے 22مارچ 2020ء سے مملکت کے تمام عوامی و تفریحی مقامات عوام کے لیے بند کر دیئے ہیں جن میں ساحل سمندر بھی شامل ہیں۔ حکام کی جانب سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ کورونا سے محفوظ رہنے کی خاطر عوامی مقامات کا رُخ نہ کریں۔ 

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں