دُبئی کی حکومت نے تقریبات اور اجتماعات پر عائد پابندیاں نرم کر دیں

شادی تقریبات، کانسرٹس میں ویکسین لگوانے والے شریک ہو سکیں گے، تفریحی مقامات پر گنجائش بڑھا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 11 جون 2021 11:34

دُبئی کی حکومت نے تقریبات اور اجتماعات پر عائد پابندیاں نرم کر دیں
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11 جون2021ء ) یو اے ای کی حکومت نے ویکسین لگوانے والوں کے لیے کورونا ایس او پیز میں نرمی کا اعلان کیا ہے ۔ اب ویکسین لگوا چکے افراد سماجی، تفریحی اور گھریلوتقریبات میں شرکت کر سکیں گے۔ یہ رعایت انہیں حاصل ہو گی جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لی ہوں گی۔ تاہم کچھ پابندیاں ابھی تک ہٹائی نہیں گئی ہیں جن کی خلاف ورزی کرنے پر سخت جرمانے ادا کرنا پڑیں گے۔

تما م تقریبات میں ماسک پہننے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور لوگوں کی مخصوص تعداد کی شرکت جیسے ایس اوپیز پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کسی بھی سماجی، تفریحی یا گھریلو تقریب میں زیادہ مہمان بلانے پر منتظم پر 10 ہزار درہم کا جرمانہ ہوگا جبکہ ان تقریبات میں شریک ہونے والے ہر مہمان پر بھی فی کس پانچ ہزار درہم کا جرمانہ ہوگا۔

(جاری ہے)

دُبئی کے مختلف سرکاری اداروں کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی نگرانی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ صرف بُر دُبئی میں چھ ماہ کے دوران تقریباً 11 ہزار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دُبئی میں کورونا ایس او پیز میں نرمی کے بعد نئے احکامات کی تفصیل مندرجہ ذیل ہے:
۔ شادی بیاہ کی تقریبات میں صرف ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے ہی شریک ہو سکیں گے۔

کسی ہوٹل یا آؤٹ ڈور مقام پر شادی کی تقریب میں مہمانوں کی تعداد 100 سے زیادہ نہیں ہوگی۔
۔ اگر گھر میں شادی کی تقریب منعقد کی جائے تو ایسی صورت میں شرکاء کی تعداد 30 تک محدود رکھنا ہو گی۔ زیادہ افراد بلانے پر بھاری جرمانہ عائد ہوگا۔ 
۔ دُبئی میں کانسرٹس اور سپورٹس ایونٹس کے انعقاد کی اجازت دے دی گئی ہے تاہم اس کے لیے خصوصی پرمٹ پیشگی حاصل کرنا ہوگا۔

ان ایونٹس میں وہی مہمان اور عملہ شریک ہوگا جو ویکسین کی دوسری خوراک بھی لگوا چکے ہوں گے۔ 
۔ ان ڈور تقریبات میں گنتی کی حد 15 سو افراد مقرر کی گئی ہے جبکہ آؤٹ ڈورتقریبات 25 سو افرادکو شرکت کی اجازت ہو گی۔ 
۔ ریسٹورنٹس میں ایک میز پر بیٹھنے والے افراد کی گنجائش بھی بڑھا دی گئی۔ اب ایک میز پر 10 افراد بیٹھ سکیں گے جبکہ شیشہ کیفیزمیں ایک ٹیبل پر چھ افراد کی گنجائش ہوگی۔
۔ تفریحی مقامات پر بھی اب کل گنجائش کے 70 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی۔
۔ ہوٹلز پر بڑی مہربانی کر دی گئی ہے۔ اب ہوٹلز کو اپنے گاہکوں کو سماجی فاصلے کے ساتھ سو فیصد نشستوں پر بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں