متحدہ عرب امارات کی تمام مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات

لوگوں کی بڑی تعداد عید الاضحی کی نماز کی ادائیگی کے لیے مساجد میں اُمڈ آئی، کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 20 جولائی 2021 11:47

متحدہ عرب امارات کی تمام مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20 جولائی 2021ء ) آج سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد خلیجی ممالک میں عید الاضحٰی کا پہلا روز ہے۔ اگرچہ امارات سے کورونا کی وبا کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہوا ہے، تاہم لوگوں کی ذمہ داری کی وجہ سے کیسز خطرناک حد نہیں بڑھ پائے ہیں۔ آج صبح سویرے امارات کی تمام ریاستوں کی مساجد اور عید گاہوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں لاکھوں افراد نے نماز ادا کی۔

آج شارجہ، دُبئی اور ابوظبی کی بڑی بڑی مساجد اور عید گاہوں لوگوں سے کھچا کھچ بھری نظر آئیں ۔ نمازیوں نے کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے عید کی نماز ادا کی۔کسی بھی فرد کو ماسک کے بغیر نماز کی اجازت نہیں دی گئی۔ سماجی فاصلے کی پابندی کروائی گئی اور اکثر لوگ ہاتھوں کو سینیٹائز بھی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

لوگوں نے ایس او پیز کے مطابق نماز عید کے بعد روایتی طور پر گلے مل کر عید کی مبارک باد دینے سے گریز کیا اور دُور سے سلام کو ہی ترجیح دی۔

ایک پاکستانی نماز ی کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ایمان سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ اگر ایس او پیز پر پوری طرح عمل کیا جائے تو کورونا کی وبا ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔
آج امارات بھر کی مساجد میں نماز عید کے یہ شاندار اجتماع ایمان والوں کی کورونا پر جیت کا پیغام دے رہے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ لوگوں نے حکومتی ہدایات پر پوری طرح عمل کیا ہے کیونکہ اس میں ان کی اور ان گھر والوں کی زندگی اور صحت کا تحفظ ممکن ہے۔

عید کے خطبات اور دعا ؤں میں بھی رب کے حضور فریاد کی گئی کہ اس موذی وبا کو امارات سمیت دُنیا بھر سے ختم کر دے۔ تاکہ مزید لاکھوں انسانی جانیں ضائع ہونے سے بچ جائیں اور کروڑوں افراد کو اس وبا کے باعث پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے جو بے روزگاری کا عذاب سہنا پڑا ہے، ان کی مشکلات کا جلد از جلد خاتمہ ممکن ہو سکے۔
خلیج ٹائمز کی جانب سے شارجہ کی النور مسجد، دُبئی اور ابوظبی کی عید گاہوں اور مساجد کے علاوہ ابوظبی کی میری دی مدر آف جیزز مسجد میں نمازیوں کے اجتماع کے روح پرور مناظر بھی سامنے لائے گئے ہیں جس سے پتا چلتا ہے
کہ امارات میں ویکسی نیشن نے کورونا کیسز میں کمی لانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں اس موذی وبا کا خوف بہت کم رہ گیا ہے۔

تاہم وہ احتیاطی تدابیر پر عمل ضرور کر رہے ہیں۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں