بھارت کا پاکستان کیخلاف میچ کیلئے اپنے 11 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے سے انکار

میڈیا کے اصرار کے باوجود بھارتی ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے ٹاکرے کیلئے پلیئنگ الیون کے اعلان سے گریز

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 اکتوبر 2021 22:45

بھارت کا پاکستان کیخلاف میچ کیلئے اپنے 11 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے سے انکار
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 اکتوبر 2021ء ) بھارت کا پاکستان کیخلاف میچ کیلئے اپنے 11 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کرنے سے انکار۔ تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے ٹاکرے سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے ایک اقدام نے سب ہی کو حیران کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کیخلاف میچ میں اب چند ہی گھنٹے باقی ہیں، تاہم تاحال بھارت کی پلیئنگ الیون کا اعلان ہی نہیں کیا گیا۔

میڈیا کے اصرار کے باوجود بھارتی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے ٹاکرے کیلئے پلیئنگ الیون کے اعلان سے گریز کیا ہے۔ دوسری جانب آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے نام بتائے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم میں بھارت کے خلاف جن کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں محمد رضوان، فخر زمان، بابر اعظم، محمد حفیظ، حیدر علی، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاک بھارت ٹاکرا اتوار کے روز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اگر ٹی ٹونٹی میچز کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے تو دونوں ٹیموں اب تک 8 مرتبہ آمنے سامنے آئیں جس میں پاکستان صرف ایک بار فاتح رہا۔ پاکستان کو بھارت کیخلاف ٹی ٹونٹی میچز میں واحد فتح بنگلور کے مقام پر دسمبر 2012ء میں ملی تھی جب اس نے بھارت کو پانچ وکٹ سے زیر کیا تھا۔ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ مقابلوں میں روایتی حریف پانچ مرتبہ آمنے سامنے آئے اور ہر مرتبہ کامیابی بھارت کے حصے میں آئی۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments