دبئی میٹرو بلیو لائن منصوبے پر رواں برس کام کا آغاز ہوگا

ریڈ اور گرین لائنز سے مربوط یہ پروجیکٹ دبئی کے 9 نئے علاقوں کیلئے سفری سہولت فراہم کرے گا

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 فروری 2024 15:30

دبئی میٹرو بلیو لائن منصوبے پر رواں برس کام کا آغاز ہوگا
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری 2024ء ) دبئی میٹرو بلیو لائن منصوبے پر اس سال کام شروع ہونے کا اعلان کردیا گیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے کہا ہے کہ دبئی میٹرو بلیو لائن پروجیکٹ اس سال شروع ہوگا، اس میں 14 اسٹیشن شامل ہوں گے، جن میں تین انٹرچینج اسٹیشن بھی تعمیر جیے جائیں گے، جو دبئی کے اہم علاقوں کو جوڑیں گے۔

آر ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل، بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے چیئرمین مطر الطائر نے کہا ہے کہ سال 2024ء میں دبئی میٹرو بلیو لائن منصوبہ کام کے آغاز کے لیے تیار ہے، جو کل 30 کلومیٹر پر محیط ہوگا، جس کا ٹریک 15.5 کلومیٹر زیر زمین اور 14.5 کلومیٹر زمین سے اوپر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میٹرو بلیو لائن پراجیکٹ دبئی اربن ماسٹر پلان 2040ء کا حصہ ہے، یہ میٹرو کی ریڈ اور گرین لائنز کے ساتھ بھی مربوط ہے، جو دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور اس کے روٹ کے ساتھ واقع 9 اہم علاقوں کے درمیان براہ راست رابطہ فراہم کرتا ہے، اس منصوبے کی تعمیر کے بعد ان منزلوں کے درمیان سفر کا دورانیہ 10 سے 25 منٹ تک کا ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ 9 ستمبر 2009ء کو پہلی بار چلنے والی دبئی میٹرو دنیا کے سب سے طویل ڈرائیور لیس میٹرو نیٹ ورک کے طور پر پہچانا جاتا ہے جس کی لمبائی 89.3 کلومیٹر ہے، یہ شہر کے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی ریڑھ کی ہڈی ہے، جس نے گزشتہ 14 سالوں میں 2 بلین سے زیادہ مسافروں کی خدمت کی ہے، دبئی میٹرو اس وقت 129 ٹرینوں کے بیڑے پر مشتمل ہے، اس میٹرو نیٹ ورک نے وقت کی پابندی کی شرح 99.7 فیصد برقرار رکھی ہے اور اپنی غیر معمولی آپریشنل کارکردگی کے ساتھ بین الاقوامی حفاظتی معیارات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، یہ پروجیکٹ دبئی کے 2030ء تک بغیر ڈرائیور کے پبلک ٹرانسپورٹ کے حصہ کو 30 فیصد تک بڑھانے کے وژنری منصوبے کا اہم حصہ ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ اس وقت ریڈ اور گرین دونوں لائنوں میں مجموعی 53 اسٹیشن ہیں، تازہ ترین توسیعی منصوبہ روٹ 2020ء ہے، جو ریڈ لائن پر جبل علی اسٹیشن سے دبئی ایکسپو سٹی تک چلتا ہے، روٹ 2020ء نے اپنی سروس کا یکم جنوری 2021ء سے آغاز کیا جب کہ بلیو لائن میٹرو ایکسٹینشن دبئی 2040ء اربن پلان کا حصہ ہے کیوں کہ دبئی کی آبادی 2040ء تک 5.8 ملین افراد تک پہنچ جائے گی، جو کہ 2020ء میں 3.3 ملین تھی، شہر میں دن کے وقت موجود لوگوں کی تعداد 2020ء میں 4.5 ملین سے بڑھنے کے لیے تیار ہے جو 2040ء میں 7.8 ملین تک پہنچ جائے گی جس کے لیے پائیدار شہری ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ کی ضرورت ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں