دبئی ایئرپورٹ کے مسافروں کی سالانہ تعداد میں ریکارڈ اضافہ

دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈے سے 2023ء میں 8 کروڑ 70 لاکھ افراد نے سفر کیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 19 فروری 2024 18:00

دبئی ایئرپورٹ کے مسافروں کی سالانہ تعداد میں ریکارڈ اضافہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 فروری 2024ء ) متحدہ عرب امارات کے معروف دبئی ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کی سالانہ تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔ اماراتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے سال 2023ء میں 8کروڑ 70 لاکھ مسافروں کا خیر مقدم کیا، جو سال بہ سال مسافروں کی تعداد میں 32 فیصد اضافہ ہے، یہ تعداد ہوائی اڈے پر چوتھی سہ ماہی کی ٹریفک میں نمایاں اضافے کی طرف بھی اشارہ کرتی ہے، جس کی بنیادی وجہ COP28 ایونٹ اور سال کے اختتام اور نئے سال کے استقبال کے لیے منعقد ہونے والی تقاریب ہیں۔

دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے صدر شیخ احمد بن سعید آل مکتوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک پیغام میں لکھا کہ "یہ غیر معمولی کارکردگی دبئی کی اپنی برتری کو برقرار رکھنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، دبئی مسافروں کے تجربے میں عمدگی کی سطحوں اور جدید ٹیکنالوجیز کے ساتھ نئے معیارات قائم کر رہا ہے اور یہ چیز ہوائی اڈے کی خدمات کو مسلسل نئے سرے سے متعین کرتی ہے، دبئی کے اقتصادی ایجنڈا D33 کے ہدف کے تحت دبئی کو دنیا کے ٹاپ 3 شہروں میں سے ایک کے طور پر مستحکم کرنا ہے، اگلی دہائی میں سیاحت اور کاروبار کے لیے شہر ایک عالمی ہوابازی کے مرکز اور بین الاقوامی مسافروں کے لیے دنیا کے پسندیدہ گیٹ وے کے طور پر تیزی سے ترقی کر رہا ہے"۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ سال 2022ء میں ہوائی اڈے پر مسافروں کی آمدورفت 66 ملین تھی، تازہ ترین اپ ڈیٹ گزشتہ برس نومبر میں فراہم کی گئی تھی جس میں سال 2023 کے لیے مسافروں کا تخمینہ 86.8 ملین کا تھا تاہم یہ تعداد اس سے بھی زیادہ رہی جب کہ 2024 میں DXB کے ذریعے 88.8 ملین مسافروں کی آمد ورفت متوقع ہے۔

دبئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں